شبہ ہے کوئٹہ دھماکے میں طالبان کو افغان خفیہ ایجنسی کی حمایت حاصل تھی: سرتاج عزیز

Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

اسلام آباد (جیوڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ شبہ ہے کوئٹہ بم دھماکے میں کالعدم تحریک طالبان کو این ڈی ایس کی مدد حاصل رہی ہے۔ این ڈی ایس اور “را” کا گٹھ جوڑ بھی سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بھارت کیساتھ خصوصی مذاکرات چاہتے ہیں۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی طرف سے کوئٹہ دہشتگرد حملے میں افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا گیا۔ پاکستان نے “را” کی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں لے جانے کا اعلان کیا ۔ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھارت کو خصوصی مذاکرات کی دعوت بھی دی ۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت سے مذاکرات کے لیے سیکرٹری خارجہ جلد بھارتی ہم منصب کو خط لکھیں گے۔

سر تاج عزیز نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے نئی گائیڈ لائنز مرتب کر لی ہیں ۔ این ڈی ایس اور آئی ایس آئی کے درمیان رابطے بحال کرنا چاہتے ہیں۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے چین کے ساتھ تعلقات کی وجہ سے تنہا ہونے کا تاثرغلط ہے ، امریکہ کیساتھ بھی اچھے دو طرفہ تعلقات چاہتے ہیں۔