سانحہ کوئٹہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے فوری کیفر کردار تک پہنچایا جائے، چودھری منشاء

Ch Mansha Sindho

Ch Mansha Sindho

لاہور : سانحہ کوئٹہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے فوری کیفر کردار تک پہنچایا جائے ملک میں پہلے سے گرفتار دہشت گردوں کو فوری سزائیں دی جائیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء وسابق ایم پی اے چودھری محمد منشاء سندھو نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت کی مداخلت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے اور اس کا اقرار حکومتی سطح پر بھی متعدد بار کیا گیا ہے مگر حکومت نے نہ جانے کیوں بھارت کی اس غنڈہ گردی کو دنیا بھر میں اجاگر کیوں نہیں کیا۔اس موقع پر یونین کونسل 246یوحنا آباد سے پی ٹی آئی کے چیئرمین آصف سہیل کھوکھر نے کہاکہ سانحہ کوئٹہ ایک دلخراش واقعہ ہے جس پر ہر پاکستانی خون کے آنسو رو رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کی ایک اور وجہ قانون کی بالا دستی نہ ہونا بھی ہے اگر ملک میں صیح معنوں میں قانون کی رٹ قائم ہوجائے تو دہشت گردی سمیت کئی جرائم ختم ہوجائیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارتی جاسوس سمیت جو بھی ملک دہشت گردی کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں انکو فوری سزا دیکر کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور بھارت کے ساتھ تعلقات پر نظرثانی کرکے اس کیساتھ سختی سے نمٹا جائے۔