راحیل شریف کی جانب سے ایکس ٹینشن نہ لینے کا اعلان خوش آئند ہے۔ حافظ طاہر جمیل

Hafiz Tahir Jameel

Hafiz Tahir Jameel

فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما وصدر منٹگمری بازار حافظ طاہر جمیل میاں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے ایکس ٹینشن نہ لینے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اس اعلان سے بلاشبہ افواج پاکستان کا مورال مزید بلند ہو گا جبکہ وہ طوطے جو روز میڈیا پر بیٹھ کر بانت بانت کی بولیاں بولتے تھے ان کی بولتی بند ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اب بات سے انکار ممکن نہیں کہ جنرل راحیل شریف شہداء کے وارث اور نہایت شاندار ودبنگ آرمی چیف ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دو برسوں میں جس طرح فوج کو لیڈ کیا اسکی مثال ملنا مشکل ہے۔ موصوف جب سے آرمی چیف تعینات ہوئے ہیں انہوں نے ایک مرتبہ بھی سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کی جو ان کی بہادری اور صرف وطن سے محبت کی ایک زندہ مثال ہے۔

پاکستان آج تک صرف آمریت کی وجہ سے ہی ترقی نہیں کر سکا۔ تاہم جنرل راحیل شریف نے وطن عزیز میں امن کیلئے کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے صرف امن وامان اور سرحدوں کی حفاظت پر توجہ مامور رکھی جس کے نتیجہ میں آج وطن عزیز انتہائی سبک رفتاری کیساتھ ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کار دھڑا دھڑ پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں کیونکہ انہیں علم ہے کہ یہاں جمہوریت کا پودا تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے اور آمریت کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنرل راحیل شریف کے بیان کو افسوسناک قرار دیکر سابقہ بدترین آمر پرویز مشرف نے ایک مرتبہ پھر اپنے گندے ارادے ظاہر کرتے ہیں۔ جنرل راحیل شریف کا بیان افسوسناک نہیں بلکہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ وہ صرف اپنے کام سے کام رکھنے والے محب وطن جرنیل ہیں جنہیں کسی قسم کی کوئی لالچ نہیں۔ پوری قوم جنرل راحیل شریف کو سیلوٹ اور پرویز مشرف کے بیان کی مذمت کرتی ہے۔