وزیر ریلوے کھلے پھاٹکوں پر معمولی فنڈز سے پھاٹک لگا کر قیمتی جانیں بچا سکتے ہیں۔ عظمیٰ فدا خواجہ

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد : پاکستان پیپلزپارٹی خواتین کی سابق ڈویژنل صدر عظمیٰ فدا خواجہ ایڈووکیٹ، سابق ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات محمد طاہر شیخ، پی پی اقلیتی ونگ کی سابق صدر مس طاہرہ انجم نے گوجرہ میں ریلوے کے کھلے پھاٹک سے گزرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آکر چھ افراد کے جاں بحق ہونے پر شدید دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے سیاست چمکانے اور پانامہ کے مجرموں کی بے جا حمایت کی بجائے اپنا وقت اور توانائیاں ریلوے نظام کو درست کرنے پر لگائیں۔

گزشتہ چند ماہ کے دوران محکمہ ریلوے کے نااہل افسران وملازمین کی غفلت کے باعث درجنوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ ریلوے اور عوام کا کروڑوں روپے کا مالی نقصان بھی ہوچکا ہے مگر وزیر ریلوے سعد رفیق سیاسی بیانات کی توپیں سیدھی کیے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا وزیر ریلوے کھلے پھاٹکوں پر معمولی فنڈز سے پھاٹک لگا کر قیمتی جانیں بچا سکتے ہیں۔ مگر ن لیگ کو شائد ماڈل ٹاؤن کے بعد عوام کا خون لگ گیا ہے اس لئے بے حس ہو چکے ہیں۔