بارشوں کے باوجود ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی برقرار، پارہ 41 ڈگری تک پہنچ گیا

Hot Weather

Hot Weather

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بیشتر علاقے اب بھی گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور بارشوں کے باوجود گرمی میں کمی واقع نہیں ہوسکی۔

ملک بھر میں بارشوں نے بیشتر اضلاع میں گرمی کا زور توڑ دیا ہے لیکن کچھ شہر اب تک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک سب سے ذیادہ درجہ حرارت جھنگ اور اوکاڑہ میں ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں پارہ 41 سینٹی گریڈ ہے جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں لاہور ، بہاولنگر، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور قصور میں 40 ، فیصل آباد اور بھکر 39، ملتان ، گوجرانوالہ ، کوٹ ادو ، نور پور تھل ، ڈیرہ غازی خان ، رحیم یار خان اور ساہیوال میں 38، جوہر آباد اور لیہ میں 37 ، گجرات ، راولپنڈی اور خان پور 36 جبکہ منڈی بہاؤالدین میں درجہ حرارت 34 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر کا مطلع مکمل طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔ شہرمیں سمندر کی سمت سے چلنے والے ہوا کی رفتار 28 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جو 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناست 60 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا اب تک ریکارڈ کیا جانے والا درجہ حرارت 32.9 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور ذیادہ سے ذیادہ 35 گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم ہزارہ ڈویژن ، اسلام آباد ، راولپنڈی ، گلگت بلتستان،کشمیر لاہور ، گوجرانوالہ میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔