راجہ فاروق حیدر آزاد کشمیر کے وزیر اعظم منتخب

Raja Farooq Haider

Raja Farooq Haider

کوٹلی (جیوڈیسک) راجہ فاروق حیدر کو آزاد جموں و کشمیر کا وزیر اعظم منتخب کر لیا گیا ہے۔ راجہ فاروق حیدر کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے انہوں نے پولنگ کے دوران 38 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل دونوں امیدواروں چودھری یاسین اور دیوان غلام محی الدین کو 5،5 ووٹ ملے۔

آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس نومنتخب اسپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت منعقد پوا جس میں ریاست کے نئے وزیر اعظم کا چناؤ ہوا۔

اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے مسلم لیگ (ن) کے فاروق حیدر، پیپلزپارٹی کے چوہدری یاسین اور تحریک انصاف کے غلام محی الدین مدمقابل تھے تاہم مسلم لیگ (ن) کے راجہ فاروق حیدر نے 38 ووٹس کے ساتھ واضح اکثریت حاصل کی اور آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم منتخب ہوگئے۔

49 نشستوں کےایوان میں (ن) لیگ 36 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے۔ اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کی 4، مسلم کانفرنس کی 3، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی 2،2 جب کہ ایک آزاد رکن اسمبلی کا ممبر ہے، مسلم لیگ (ن) کو جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی کو آزاد امیدوار جب کہ تحریک انصاف کو مسلم کانفرنس کی بھی حمایت حاصل تھی۔