راجن پور : چھوٹو گینگ کے 40 افراد نے فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے

Pak Army

Pak Army

راجن پور (جیوڈیسک) چھٹے آپریشن کے اٹھارہویں روز بھی پولیس چھوٹو گینگ کے خلاف کچھ نہ کر پائی تو فوج کی مدد طلب کی گئی۔ جوانوں کے کچے میں داخل ہو کر پوزیشنیں سنبھالتے ہی پہلی کامیابی بھی حاصل ہو گئی۔ چھوٹو گینگ کے 40 افراد نے ہتھیار ڈالا دیئے اور اپنے آپ کو فوج کے حوالے کر دیا۔ تاہم ابھی بھی 60 کے قریب افراد جزیرے میں موجود ہیں۔

چھوٹو گینگ کے افراد کا کہنا تھا کہ وہ پاک فوج سے لڑنا نہیں چاہتے۔ آپریشن میں فورسز کے جوان ہیلی کاپٹروں اور زمینی راستے سے کچے میں داخل ہوئے اور چار کلو میٹر کے علاقے میں کرفیو بھی نافذ کر دیا گیا۔ جوانوں کو گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل ہے۔ واضح رہے چھوٹو گینگ کے خلاف اس آپریشن میں پولیس کے 6 جوانوں نے اپنی جاںوں کا نذارانہ پیش کیا اور ابھی تک 24 اہلکاروں کو چھوٹو گینگ نے مغوی بنایا ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس کے یرغمال اہلکاروں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں اور پورے علاقے کو سیل کر دیا گیا۔ کچے کے علاقوں میں شام 6 سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔

پاک فوج کی آمد اور چھوٹو گینگ کے خلاف بڑی کامیابی پر علاقے کے عوام بھی خوشی سے جھوم اٹھے۔ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور نعرے بازی کر کے جوانوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ لوگ کہتے ہیں اب امن آئے گا خوشحالی بھی لائے گا۔