رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ تشویشناک ہے،مفتی محمد نعیم

Mufti Muhammad Naeem

Mufti Muhammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے رمضان سے قبل پیٹرولیم مصنوعات ودیگر اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے حکومت بجٹ سے قبل منی بجٹ لے آئی ہے اور رمضان کی آمد سے قبل اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام کے زخمووں پر نمک پاشی ہے۔

کمر توڑ مہنگائی کے باعث غریب اور متوسط طبقہ کا جینا دوبھر ہوگیاہے ، حکومت پرائس کنٹرول ٹیموں کی کارکردگی کوبہتر بناتے ہوئے عوام کو ریلیف دے ورنہ رمضان المبارک سے قبل ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوری کے رجحان میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوجائیگا، جس کے بعد ان عناصر کے خلاف کاروائی بے سود ہوگی۔ بدھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ ہرسال رمضان المبارک سے قبل ہی اشیائ خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں۔

پاکستانی عوام وہ بدنصیب قوم ہے جس کو ہر سال اس قسم کی مذموم صورتحال کا سامنا کرنا پڑتاہے ، عالمی مارکیٹ میں پیٹرلیم مصنوعات میں کمی کے بعد حکومتی ایوانوں میں موجود نام نہاد لیڈروں کو نہ چاہتے ہوئے کمی کرنی پڑی جس کو چند ماہ کی خانہ پوری کے بعد واپس لیا اور اس قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام کو نہیں پہنچنے دیئے گئے اور اب پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے تو اس کا اثر خورونوش اور ٹرانسپورٹیشن پر پڑ رہاہے جس کے باعث رمضان سے قبل سے ہی مہنگائی کے جن کو کھول دیاگیاہے جبکہ بجٹ سے قبل اس طرح سے قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرکے حکومت نے منی بجٹ لاکر عوام کے منہ سے نوالہ چھینا ہے جو حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت اور عوامی لیڈر ہونے کے دعویداروں کے لیے باعث شرم وعار ہے۔

انہوں نے کہاکہ حسب سابق رمضان المبارک کی آمد سے قبل گراں فروشوں کی جانب سے اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ تشویشناک ہے ، قیمتیں بڑھنے کے باعث غریب اور متوسط طبقہ کا جینا دوبھر ہوگا ، حسب روایت ذخیراندوزوں کی چاندی ہوجائے گی ، حکومت خود ہی مواقع فراہم کرتی ہے کہ منافع خور اپنی مذموم کاروائیاں جاری رکھ سکیں ، موجودہ حکومت بھی اب تک عوام کو صرف اخباری بیانات تک ریلیف دے رہی ہے ، زبانی جمع خرچ پر عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارا نہیں دلایا جاسکتاہے ، انہوں نے مزید کہاکہ حکمران خود ملک کو لوٹ رہے ہیں جبکہ منافع خور عوام کو،انھوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے کنٹرول کیلئے سخت قوانین بناتے ہوئے ان پر عمل کو یقینی بنائے۔

بصورت دیگرلیڈر وں کی دیکھا دیکھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بھی اشیاء کی کنٹرول لسٹ پر عمل درآمد نہیں کراسکیں گے اور حکومت کے تمام تر انتظامات دھرے کے دھرے رہ جائیںگے،مفتی محمد نعیم نے کہاکہ حکومت پرائس کنٹرول ٹیموں کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے عوام کو ریلیف دے ورنہ رمضان المبارک سے قبل ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے رجحان میں تشویشناک حدتک اضافہ ہوجائیگا،جس کے بعد ان عناصر کے خلاف کاروائی بے سود ہوگی۔

اسی طرح رمضان المبارک کے بابرکت ماہ سے قبل جامع منصوبہ بندی کرتے ہوئے عوام کو ہر طرح سے ریلیف پہنچائی جائے اور ذخیرہ اندوزون کے خلاف آپریشن کیاجائے تاکہ ناجائز منافع خوروں کے گرد گھیرا تنگ کیاجاسکے اور ان افراد کے خلاف موثر کاروائی کی جائے ، قیمتیں بڑھانے والے عناصر کو نہ صرف گرفتار کرے بلکہ ان کی ضمانتیں عید الفطر تک موخر کردیں اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔