رمضان کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ 28 مئی بروز اتوار ہو گا

Ramadan Moon

Ramadan Moon

اسلام آباد (جیوڈیسک) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمان نے کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں بعض مقامات پر مطلع صاف اور بعض پر ابرآلود تھا مگر کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی لہٰذا یکم رمضان 28 مئی بروز اتوار ہو گی۔ ادھر پاکستان کے علاوہ ہمسایہ ممالک بھارت اور بنگلا دیش میں بھی اتوار کو پہلا روزہ ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ چاند کی عمر اس وقت 19 گھنٹے سے کم ہے تاہم بلوچستان کے کچھ حصوں میں چاند نظر آ سکتا ہے مگر وہاں سے بھی چاند کی رویت کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ خیال رہے کہ رواں سال موسم گرما میں ماہ صیام میں روزے کا دورانیہ 15 گھنٹے سے بھی زیادہ ہوگا۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے اوقات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کی خصوصی ہدایت کی ہے۔

ادھر سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، لبنان، شام، کویت، اردن اور فلسطین سمیت دیگر اسلامی ممالک میں کل بروز ہفتہ پہلا روزہ ہو گا۔ یورپی ممالک میں مقیم مسلمان بھی ہفتہ کے روز سے ماہ صیام کا آغاز کرینگے۔ واضح رہے کہ روزہ اسلام کا اہم رکن ہے۔ مسلمان اس ماہ مبارک میں اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کے لیے بھوک اور پیاس برداشت کرتے ہیں۔ رمضان المبارک کی رات نماز تراویح اور دیگر عبادتوں کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔