رمضان صبر و برداشت اور تقویٰ اختیار کرنے کا درس دیتا ہے۔ مولانا فضل احد کاشف

Speech

Speech

کراچی: جماعت اسلامی زون ناظم آباد، گلبرگ، دستگیر اور نئی کراچی کے تحت استقبال رمضان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ ناظم آباد زون میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس، گلبرگ مولانا فضل احد ، دستگیر مولانا کاشف شیخ اور نئی کراچی زون میں مولانا عبد الوحید نے استقبال رمضان پروگرام سے خطاب کیا ۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان کا مہینہ خیر و برکت والا مہینہ ہے جس کا پہلا عشرہ رحمت ، دوسرا مغفرت اور تیسرا نار جہنم سے آزادی کا ہے۔

رمضان میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر اس قدر مہربان ہوتا ہے جس کا شمار ممکن نہیں ۔ اللہ کے نبی ۖ اور صحابہ کرام اس ماہ کا خاص اہتمام فرماتے ، نماز ، تلاوت قرآن اور نوافل کی ادائیگی اور انفاق کے ذریعے اللہ کی خوشنودی کے حصول کیلئے کوشاں رہتے ۔ انھوں نے کہا کہ ماہ رمضان اب سے کچھ ہی دنوں میں ہم پر سایہ فگن ہونے والا ہے اس ماہ مبارک میں مغفرت حاصل نہ کرنے والوں کو تباہ و برباد قرار دیا گیا ہے ۔ یہ مہینہ صبر و برداشت ، ایثار اور تقویٰ اختیار کرنے کا درس دیتا ہے۔ سحر و افطار کے لمحات اور روزے کی حالت میں بندہ اپنے رب سے قربت کو محسوس کرتا ہے ، اللہ کیلئے روزے کی مشقت اٹھانے پر روزے دار کا اجر اللہ نے خود دینے کا وعدہ فرمایا ہے، اسی مہینے میں قرآن مجید کا نزول ہوا جو رہتی دنیا تک کے انسانوں کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔

آج ہمارے معاشرے میں جڑ پکڑتی برائیوں کہ وجہ یہی ہے کہ قرآن و سنت سے ہمارا رشتہ کمزور ہوچکا ہے ۔ جس قرآن کریم پر عمل اور اسے نافذ کرکے نبی مہربان ۖ اور صحابہ کرام نے دنیا کی تاریخ بدل دی تھی آج اس عظیم کتاب کو ہم نے ایصال ثواب اور قسمیں اٹھانے تک محدود کر دیا ہے ۔ آج کے دور میں قرآن کے پیغام کو عام کرنے اور اس نظام کے نفاذ کی اشد ضرورت ہے۔

جماعت اسلامی روز اول سے دعوت قرآن اور نفاذ اسلام کی کوششوں میں مصروف عمل رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم آج یہ عہد کرکے اٹھیں کہ قرآن و سنت سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں گے ،اللہ کو راضی کرنے اور اپنے گھر ، گلی محلوں سمیت پوری دنیا میں قرآنِ عالی شان کے پیغام کو پھیلانے کی کوشش کریں گے۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320