رمیز راجہ نے اسپنرز کو جدید کرکٹ کا سبق پڑھا دیا

Rameez Raja

Rameez Raja

لاہور (جیوڈیسک) رمیز راجہ نے تربیتی کیمپ میں شریک اسپنرز کو جدید کرکٹ کا سبق پڑھا دیا، سابق کپتان نے بولرز کو کھیل کی قدر کرنے کے ساتھ تاریخ سے شناسائی کا مشورہ بھی دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق 12 اسپنرز کا خصوصی تربیتی کیمپ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہوگیا،اس کا مقصد کھلاڑیوں کی تکنیک، مہارت اور جسمانی استعداد کو بہتر بنانا ہے۔ افتتاحی روزسابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے لیکچر دیا،انھوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ مفید مشورے دیے، اس موقع پر رمیز نے اسپنرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس کیلیے جدید کرکٹ سے شناسائی جب کہ میدان کے اندر اور باہر نظم وضبط برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے، کامیابی کیلیے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا، کھلاڑیوں کو بھرپور محنت سے اپنی مہارت اور فٹنس بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دینا اور سینئرز سے سیکھ کر ذمہ داریوں کا بوجھ اٹھانے کیلیے تیار رہنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ اپنی ذات کے بجائے ملک کیلیے کھیلنے کو ترجیح دینے سے ہی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لائی جاسکتی ہے، انھوں نے ڈریسنگ روم کا ماحول بہتر رکھنے میں ایک کھلاڑی کے کردار کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا، اس موقع پر تربیتی کیمپ کی نگرانی کرنے والے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد نے رمیز راجہ کا شکریہ ادا کیا، انھوں نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑیوں نے کرکٹ کی بے پناہ سمجھ بوجھ رکھنے والے سابق کپتان سے بہت کچھ سیکھا ہو گا، یاد رہے کہ اسپنرز کا یہ خصوصی تربیتی کیمپ 14 اپریل تک جاری رہے گا، کھلاڑیوں کو لیکچرز دینے کیلیے مایہ ناز اسپنرز سمیت سابق کرکٹرز کو بھی مدعو کیا جائے گا۔