رینجرز تعیناتی کے معاملہ کو متنازع نہ بنایا جائے : خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

سکھر (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وفاق سے کردیا شکوہ، کہتے ہیں کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ ڈاکٹر عاصم کی ویڈیو وزیر داخلہ کے پاس پہنچ گئی، لیکن جہاز کا کپتان کہلانے والے وزیراعلیٰ سندھ کے پاس نہیں پہنچی، رینجرز کے اختیارات چھینے نہیں گئے، صرف اتنا کہا ہے کہ جہاز کے کپتان کو اعتماد میں لو۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ وفاق پر برس پڑے۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شکوے گلے کئے ، کہتے ہیں وفاقی حکومت کا دباؤ سندھ پر ہی ہے، پاکستان کے دوسرے حصوں سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیوں نہیں پکڑا جاتا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کا معاملہ عدالت میں ہے تو فیصلہ بھی عدالت ہی کرے گی، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کی ویڈیو وزیر داخلہ کے پاس ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ کے پاس نہیں، یہ ستم ظریفی ہے۔

خورشید شاہ نے درخواست کی کہ رینجرز کے اختیارات کے معاملے کو متنازعہ نہ بنایا جائے، اختیارات چھینے نہیں گئے صرف اتنا ہی کہا ہے کہ جہاز کے کپتان کو اعتماد میں لو۔ خورشید شاہ نے سانحہ پشاور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔