رینجرز اختیارات:وفاق کا سندھ حکومت کی سمری مسترد کرنے کا فیصلہ

Rangers

Rangers

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاق نے رینجرز کو محدود اختیارات دینے سے متعلق سندھ حکومت کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ کرلیا، وفاق کا موقف ہے کہ سندھ اسمبلی کی قرار داد میں رینجرز کو محدود اختیارات دیے گئے۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے رینجرز کو اختیارات دینے سے متعلق سمری وفاقی حکومت کو بھجوائی تھی جسے مسترد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ سندھ حکومت کی درخواست مسترد کرنے کا نوٹی فکیشن آج جاری کرے گی۔وفاق کا موقف ہے کہ سندھ اسمبلی کی قرار داد میں رینجرز کو محدود اختیارات دیے گئے، جبکہ رینجرز کو مکمل اختیارات کے ساتھ تعینات کیا جاتا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے سندھ اسمبلی میں رینجرز کی تعیناتی اور اختیارات سے متعلق قرارداد میں رینجرز کو مشروط اختیارات دیے گئے تھے جن کے مطابق رینجرز ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان، فرقہ ورانہ کلنگ کی روک تھام کے لیے تو کارروائی کرسکتی ہے لیکن کسی ایسے شخص کے خلاف جو براہ راست دہشت گردی میں ملوث نہ ہو یا اس پر دہشت گردوں کی مدد اور اعانت کا شک، یا دہشت گردوں کی مالی معاونت اور انہیں دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا شک ہو، ایسے شخص کو حکومت سندھ سے پیشگی تحریری منظوری کے بغیر کسی بھی قانون کے تحت حفاظتی نظر بندی میں نہیں رکھ سکتی۔

ایسے شخص سے متعلق مکمل شواہد کے ساتھ معقول اسباب حکومت سندھ کو فراہم کیے جائیں گے، جن کی بنیاد پر حکومت سندھ حفاظتی نظربندی کی تجویز منظور یا مسترد کرے گی، قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ رینجرز کسی سرکاری ادارے کے دفتر پر چیف سیکرٹری سندھ سے پیشگی تحریری منظوری کے بغیر چھاپہ نہیں مارے گی۔