ریٹنگ اپ گریڈ ہونے سے حصص مارکیٹ مندی سے بچ گئی

 Stock Market

Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی ’’موڈیز‘‘ کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ بڑھانے کی اطلاع جمعہ کوکراچی اسٹاک ایکس چینج کی سرگرمیوں کے لیے مثبت ثابت ہوئی جہاں ابتدائی اوقات سے ہی پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان غالب ہونے سے مندی کے اثرات غالب تھے لیکن اس مثبت اطلاع کی وجہ سے مندی تیزی میں تبدیل ہو گئی۔

جس سے انڈیکس کی34600 پوائنٹس کی حد بحال،54.02 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 14 ارب 91 کروڑ 33 لاکھ5 ہزار372 روپے کا اضافہ ہوگیا، ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے کے ابتدائی کاروباری سیشنز میں مارکیٹ میں مستقل تیزی کا رحجان غالب رہا جس کی وجہ سے جمعہ کو آئل اینڈ گیس سیکٹر کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان غالب ہوا۔

جس سے ایک موقع پر19 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن کاروباری دورانیے کے وسط میں موڈیز کی رپورٹ منظرعام پر آنے سے مختلف شعبوں کے سرمایہ کاروں نے نچلی قیمتوں پر حصص کی خریداری سرگرمیاں بڑھادیں جو تیزی کا سبب بنی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس56.59 پوائنٹس کے اضافے سے 34651.29 اورکے ایم آئی30 انڈیکس 220.83 پوائنٹس کے اضافے سے 58730.32 ہوگیا جبکہ اسکے برعکس کے ایس ای30 انڈیکس5.33 پوائنٹس کی کمی سے21878.73 ہوگیا۔

کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 13.29 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر43 کروڑ19 لاکھ42 ہزار800 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 385 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں208 کے بھائو میں اضافہ، 154 کے داموں میں کمی اور23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔