راولپنڈی کے درجنوں ہائی اسکولوں میں کمپیوٹر کی تعلیم شروع نہ ہو سکی

High School

High School

راولپنڈی (جیوڈیسک) پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے میں تعلیم کو عام کرنے کے دعوے تواتر سے کئے جاتے ہیں لیکن صورت حال یہ ہے کہ انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے صرف راولپنڈی میں 100 سے زائد سرکاری ہائیر اسکولوں میں کمپیوٹر مضمون کی تعلیم ہی شروع نہیں ہو سکی۔

پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق محکمہ تعلیم کو ضلع راولپنڈی کے تمام ہائی اسکولوں میں کمپیوٹر لیباریٹریز قائم کرکے انہیں جدید کمپیوٹرز سے آراستہ کرنا تھا اور یہ عمل رواں تعلیمی سال کے آغاز تک مکمل کیاجانا تھا لیکن صورت حال یہ ہے کہ ضلع بھر کے 100 سے زائداسکولوں میں کمپیوٹر لیباریٹریاں فعال ہی نہیں کی جا سکیں۔

پنجاب حکومت کے واضح احکامات کے باوجود محکمہ تعلیم نے اکثراسکولوں میں کمپیوٹر لیباریٹریاں تو قائم کردیں لیکن انہیں کمپیوٹر فراہم نہیں کئے اور جن چند اسکولوں میں کمپیوٹر دیئے گئے ہیں وہاں کمپیوٹر لیبارٹریاں اور اساتذہ موجود نہیں۔ جس کے باعث سیکڑوں طلبا اور طالبات اپنے متعلقہ مضمون کی تعلیم ہی شروع نہیں کر سکے۔