راولپنڈی اور لاہور میں کارروائی، 110 من مضر صحت گوشت برآمد

Harmful Meat

Harmful Meat

راولپنڈی (جیوڈیسک) مضر صحت گوشت بیچنے والوں کیخلاف گھیرا تنگ، ضلعی انتظامیہ محکمہ لائیو سٹاک نے علی الصبح کارروائی کر کے 90 من مضر صحت گوشت برآمد کر لیا۔ 14 ملزمان گرفتار، تین غیر قانونی مذبح خانے سیل کر دیئے گئے۔

اسسٹنٹ کمشنراحمد حسن رانجھا نے محکمہ لائیو سٹاک اور پولیس کے ہمراہ راولپنڈی میں بنی کے علاقے میں غیر قانونی مذبح خانوں پر چھاپے مارے۔ کارروائی میں 90 من مضر صحت اور ناقص گوشت برآمد کر کے تلف کیا گیا۔ پولیس نے 14 ملزمان گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لائیو سٹاک کی جعلی مہریں بھی برآمد کی ہیں۔

ملزمان کے خلاف تھانہ بنی میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ دوسری طرف لاہور میں لائیو سٹاک کے عملے نے قائم غیر قانونی مذبحہ خانہ پر چھاپہ مار کر 800 کلو گرام مضر صحت گوشت قبضے میں لے لیا۔ پنجاب کے دارالحکومت میں لائیو سٹاک کی جانب سے مضر صحت گوشت کی فروخت کی روک تھام کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

آج بھی لائیو سٹاک کی جانب سے شالیمار ٹائون کے علاقے گھوڑے شاہ میں قائم غیر قانونی مذبحہ خانے پر چھاپہ مار کر 800 کلو گرام مضر صحت اور غیر معیاری گوشت کو قبضے میں لے لیا ہے جب کہ اس موقع پر موجود تین ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔