فریج کی بدبو سے چھٹکارا پانا اب مشکل نہیں

Refrigerators Cleaning

Refrigerators Cleaning

بیکنگ سوڈا کے استعمال اور باسی چیزوں کو فریج سے نکال پھینکنے سے بدبو پر قابو پانا آسان ہے اس کا تجربہ آپ نے ایک نہیں بلکہ کئی بار کیا ہو گا۔ فریج کھولتے ہی ایک عجیب سی بو محسوس ہو تو اس کی وجہ دودھ بھی ہو سکتا ہے اور انڈے بھی کہ جو بجلی کی زیادہ دیر بندش یا پھر آپ کی گھر میں عدم موجودگی کی صورت میں خراب ہو جاتے ہیں یا پھر ٹماٹر یا دیگر سبزیاں بھی سبب ہوسکتی ہیں۔

کبھی کبھی تو ایسا ہوتا ہے کہ یہ بو ناقابل برداشت ہو جاتی ہے، اس صورت حال میں سخت پریشانی ہوتی ہے کہ آخر اس سے کیسے چھٹکارا حاصل کیا جائے؟ آئیے آپ کو کچھ طریقے بتاتے ہیں:

1۔ سب کچھ نکال لیں چاہے آپ کو پتا چل بھی جائے کہ بو کہاں سے آ رہی ہے، تب بھی فریج اور فریزر کی تمام چیزیں باہر نکال لیں۔ اگر آپ کے پاس کوئی دوسرا فریج ہے، تو نازک چیزیں وہاں رکھ دیں۔ اگر بو کی وجہ زیادہ دیر تک بجلی بند ہونا ہے ،تو ان چیزوں کا پہلے خیال کریں جو جلد خراب ہو سکتی ہیں۔ ایک فریج 4 گھنٹے تک چیزوں کو محفوظ رکھ سکتا ہے، اگر اسے کھولا نہ جائے تو، لیکن اگر اس سے زیادہ وقت ہوگیا ہے تو چیزیں بچانے کی فکر کریں۔

2۔ ہاتھ سے صفائی کریں فریج کے اندر سے تختے، خانے، برف کی ٹرے اور ایسی تمام چیزیں باہر نکال لیں ،جو نکل سکتی ہیں اور انہیں گرم جھاگ والے پانی میں ڈال دیں۔ بو کے خاتمے کے لیے ایک چمچہ کلورین بلیچ شامل کرلیں اور اس سے ان چیزوں کو دھو لیں۔ صاف پانی سے کھنگالنے کے بعد خشک کرلیں۔

3۔ فریج کے اندر کی صفائی اب ہم فریج کے اندرونی حصے کی صفائی کے لیے تیار ہیں۔ اس کے لیے ماہرین ایک گیلن پانی میں ایک کپ بیکنگ سوڈا ڈالنے کی تجویز دیتے ہیں۔ اس محلول میں سپنج ڈبوکر اس سے فریج کو اندر سے صاف کریں۔ کھردری چیزوں یعنی جونے وغیرہ سے ہرگز صفائی نہ کریں، اس سے فریج کی اندرونی دیواروں پر خراشیں پڑ سکتی ہیں۔

4۔ ہوا لگائیں اب آ رہا ہے، صبر آزما مرحلہ۔ صفائی کے بعد بھی فریج کو استعمال نہ کریں۔ سوئچ نکال کر اس کے دروازے مکمل کھول دیں اور ایک دن کے لیے ایسے ہی چھوڑ دیں۔ اگر ایک دن بعد بھی بو محسوس ہو رہی ہو تو ایک مرتبہ پھر بیکنگ سوڈا والے محلول سے دھوئیں اور مزید ایک دن کے لیے ہوا لگنے دیں۔ بو کی جگہ خوشبو پیدا کرنے کے لیے روئی کو ونیلا میں ڈبوکر فریج اور فریزر میں رکھ دیں اور دوبارہ استعمال کرنے سے قبل چند گھنٹے کے لیے دروازے بند کر دیں۔