مہاجروں کا ووٹ بینک تقسیم نہیں ہو سکتا : فاروق ستار

Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) سرجانی ٹاؤن میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمیں کچھ فیصلوں کو لے کر آگے بڑھنا ہے، تین کروڑ آبادی کا یہ شہر پورے ملک کو کھلا رہا ہے، ستر فیصد ٹیکس وفاق کو اور صوبے کو نوے فیصد ٹیکس دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے سے ہمیں صرف پانچ فیصد خیرات میں ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رائے لینے آئے ہیں کہ اسلام آباد کی خیرات پر پلنا ہے یا کسی فیصلہ کن جد و جہد کو شروع کیا جائے۔ فاروق ستار نے کہا کہ جدوجہد نہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ہم نے خود کو پہلے رحمان ملک اور اب اقبال کاظمی کو بیچ دیا۔

فاروق ستارنے مزید کہا کہ بانی تحریک کو ساری زندگی گالیاں دینے والا اقبال کاظمی آج اسی کے پاس ایم کیو ایم گروی رکھنے کو تیار ہے، ہم رحمان ملکوں اوراقبال کاظمیوں کو مہاجروں کو یرغمال نہیں بنانے دیں گے۔

فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ ڈرنا ہماری لغت میں نہیں، کسی ایس پی، ڈی ایس پی یا پی ایس پی کے جلسوں سے نہیں ڈرتے۔