خطے میں امن کے لیے ہمسائیوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن اوراستحکام کے لئے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں لندن اسکول آف اکنامکس کے ڈائرکٹر کریگ کالہون نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر کریگ کالہون نے حکومتی پالیسیون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی اور معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور وہ پاکستان میں امید کی نئی فضا دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایل ایس ای میں جناح چیئر کے قیام پر غور کیا جارہا ہے۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود ملک کےعظیم مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے درست سمت میں آگےبڑھ رہےہیں، پاکستان کی معیشت مستحکم اور مزید ترقی کررہی ہے۔ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لئے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک کےہر کونےسےدہشت گردی کوکامیابی سےختم کررہےہیں۔