رحمان ملک نے خود سے منسلک خبر کو من گھڑت قرار دے دیا

Rehman Malik

Rehman Malik

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹر رحمان ملک نے صحافی افضل ندیم ڈوگر کی خبر جو ’’الطاف حسین کی گرفتاری کے لئے لندن جانے والا انہی کے عشق میں گرفتار‘‘ کے عنوان سے شائع ہوئی کو من گھڑت اور جھوٹی کہانی قرار دیتے ہو ئے اس کی تردید کی ہے۔

رحمان ملک کا خبر پر اپنے رد عمل میں کہنا ہےکہ من گھڑت کہانی سے انہیں دکھ ہوا ہے ،کہانی محض صحافی کے ذاتی خیالات پر مبنی ہے جس میں کوئی حقیقت اور سچائی نہیں ،ان کے جس دورے کا صحافی نے ذکر کیا ہے وہ دورہ انہوں نے مسٹر ایم ہاورڈ کی دعوت پر کیا تھا۔

کہانی سے لگتا ہے کہ صحافی کو انٹرپول کے بنیادی قوانین و طریقہ کار کا کچھ علم نہیں ، موصوف کو معلوم ہونا چاہئے کہ انٹرپول کے قوانین کے رو سے ایف آئی اے‘ کوئی اور ادارہ اور نہ کوئی ایجنسی کسی بھی مجرم کو کسی غیر ملک سے گرفتار کرکے نہیں لاسکتے۔

غیرملکی گرفتاریاں ہمیشہ انٹرپول کے ذریعے ہوتی ہیں نہ کہ کسی ادارے کا کوئی اہلکار کسی غیر ملک جاکر کسی کو پکڑ کر لاتا ہے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنی ذمہ داریاں آئین پاکستان کے رو سے بلا کسی خوف و خطر ملک کے مفادات میں انجام دیں۔

ملکی مفاد پر کبھی نہ پہلے اور نہ اب کوئی سمجھوتہ کیا ہے۔ صحافی نے صحافتی اصولوں کے برعکس نقطہ نظر جاننے کیلئے مجھ سے اور نہ ہی اس کے دفتر سے کوئی رابطہ کیا۔