معروف شاعر، دانشور محقق ڈاکٹر افتخار بیگ کی کتاب ”لیہ کا شعری افق:کل اور آج” کی کتاب رونمائی

Book Excibition

Book Excibition

لیہ (سٹاف رپورٹر) معروف شاعر، دانشور محقق ڈاکٹر افتخار بیگ کی کتاب ”لیہ کا شعری افق:کل اور آج”کی کتاب رونمائی اور ڈاکٹر حمید الفت ملغانی کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملنے پر جی سی یونیورسٹی لاہور لیہ کیمپس میں تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کی صدارت پروفیسر مہر اختر وہاب نے کی جب کہ مہمان خصوصی ڈاکٹر افتخار بیگ اور ڈاکٹر حمید الفت ملغانی تھے ۔مہر اختر وہاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلاشبہ ڈاکٹر افتخار بیگ کی 7سالہ کاوش قابل صد تحسین ہے ۔انہوں نے اس کتاب میں ضلع لیہ کی 115سالہ تاریخ کو یکجا کر کے آنے والے نئے محققین کے لیے آسانی پیدا کر دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر افتخار بیگ لیہ کے دوسرے پی ایچ۔ڈی ہیں جبکہ ان سے پہلے صرف ڈاکٹر مہر عبدالحق نے 1956ء میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی یہی نہیں ڈاکٹر افتخار بیگ لیہ کے پہلے نظم گو شاعر بھی ہیں۔ڈاکٹر افتخار بیگ نے اس کتاب میں شعراکا جس انداز میں اعتراف کیا ہے ماضی میں اس کی مثال کم کم ہی ملتی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر افتخار بیگ نے کہا کہ اس کتاب کی اشاعت کے دو مقاصد تھے ایک یہ کہ شعراء کا اعتراف کیا جائے اور دوسرا کہ زبان میں کس حد تک تبدیلی واقع ہوئی ہے اس کو لسانی طور پر پرکھا جائے۔ڈاکٹر حمید الفت ملغانی نے کہا کہ تحقیق کا کام بلاشبہ بہت مشکل عمل ہے۔

لیکن نئی نسل کو تحقیق میں اپنا لوہا منوا کر یہ ثابت کرنا ہو گا کہ ہم بھی کسی سے کم نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر افتخار بیگ کی کتاب اردو ادب کا بلاشبہ اثاثہ ہے۔

اس موقع پر شاہ زین رضا ڈائریکٹر جی سی لاہور کیمپس لیہ نے کہا کہ جی سی لاہور کیمپس کے لیے یہ اعزاز ہے کہ ڈاکٹر افتخار بیگ اور ڈاکٹر حمید الفت ملغانی اس ادارے کا حصہ ہیں۔تقریب میں طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

Book Excibition

Book Excibition