امیر اور غریب میں خلیج کم ہو گی تب ہی قائد اور اقبال کا پاکستان بنے گا : شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان نسل پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل کی فراہمی قوم کے روشن مستقبل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے اور اس مقصد کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے۔

پنجاب حکومت نے 500 نوجوانوں کو چینی زبان سکھانے کے کورس کیلئے چین بھجوانے کا پروگرام بنایا ہے۔ چین کی سیاسی، سفارتی اور معاشی اہمیت مسلمہ ہے، اس لئے چینی زبان سے آگاہی حاصل کرنا وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار چینی زبان سیکھنے کے دو سالہ کورس کیلئے منتخب 66 طلبا و طالبات پر مشتمل پہلے بیج سے خطاب میں کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ پاکستان کے عظیم سفیر ہیں اور آپ نے اپنی محنت، ڈسپلن، پابندی وقت اور اپنے اعلیٰ کردار سے پاکستان کا نام روشن کرنا ہے اور گرین پاسپورٹ کی توقیر بڑھانی ہے۔ آپ قوم کا مستقبل ہیں، قوم کو آپ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ ملک و قوم کے روشن مستقبل کیلئے جتنے بھی وسائل دینا پڑے دیں گے۔ نوجوان نسل کسی قسم کی آلائشوں، کرپشن اور سست روی کا شکار نہیں ہے۔

پنجاب حکومت چینی زبان سیکھنے کیلئے 500 بچوں اور بچیوں کو چین بھجوائے گی جس کے تمام تر اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ قوم آپ کے کورس پر وسائل خرچ کر رہی ہے لہٰذا آپ نے محنت، عزم، دیانت اور لگن سے اپنے کورس پر توجہ دینی ہے اور چینی زبان کے تکنیکی پہلوئوں سے بھی مکمل آگاہی حاصل کرنی ہے۔ پاک چین دوستی لازوال ہے اور پاکستانی اور چینی بھائی بھائی ہیں۔

میری آپ کو بڑے بھائی اور خادم پنجاب کی حیثیت سے تلقین ہے کہ آپ چین میں وقت ضائع کرنے کی بجائے اپنے کورس پر بھرپور توجہ دیں۔ ہم نے بھی وطن عزیز کو محنت، امانت، دیانت اور لگن سے کام کرتے ہوئے قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنانا ہے اور اسے خود کفالت کی منزل سے ہمکنار کرنا ہے۔ شہبازشریف نے پاک چین دوستی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد اور مخلص دوست ہے۔ جنگ ہو یا امن، سیلاب ہو یا زلزلہ یا کوئی بھی مشکل کی گھڑی، چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ ماضی میں پاکستان کو مختلف ممالک سے مشروط امداد، قرضے اور گرانٹس ملتی رہی ہیں لیکن چین ایسا دوست ہے جس نے غیرمشروط طور پر پاکستان کو اقتصادی پیکیج دیا ہے۔

چین نے پاکستان کو یہ عظیم سرمایہ کاری پیکیج غیر مشروط طور پر دیا ہے اور اس کیلئے ’’ڈو مور‘‘ کا کوئی مطالبہ نہیں کیا جو چین کی قیادت کا پاکستان کے عوام اور قیادت سے والہانہ محبت کا ثبوت ہے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 8 سالوں میں صوبے میں شفافیت اور میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے۔ اساتذہ ہوں یا پولیس یا کوئی محکمہ، تمام بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں اور چین جانے والے طلبا و طالبات کا انتخاب بھی شفاف طریقے سے میرٹ پر کیا گیا ہے۔

ملک کی ترقی اور آگے بڑھنے کا واحد راستہ میرٹ ہی ہے اور ہم نے ہر سطح پر میرٹ کو فروغ دیا ہے۔ پاکستان جتنا امیر کا ہے اس سے کہیں زیادہ غریب کا ہے۔ یہ تب ہی قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنے گا جب امیر اور غریب میں خلیج کم ہوگی۔ پاکستان کی گاڑی اب آگے طرف چل پڑی ہے اور یہ پیچھے نہیں آئے گی۔ اگر ہم اپنے عمل اور ایکشن کے ذریعے میرٹ کو سکہ رائج الوقت بنائیں گے تو عام آدمی کو بھی احساس ہوگا کہ پاکستان اس کا بھی ہے اور اس کی ناامیدی امید میں بدل جائے گی۔

نوجوان کا اعتماد بحال ہوگا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے چینی زبان سیکھنے کے لئے چین جانے والے طلبا و طالبات نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی صوبے میں میرٹ اور شفافیت کی پالیسی کو شاندار الفاظ میں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہباز شریف کی میرٹ پالیسی کے باعث ہم ایک شفاف طریقہ کار کے ذریعے منتخب ہو کر چینی زبان سیکھنے چین جا رہے ہیں اور ہمیں خوشگوار حیرت کے ساتھ خوشی بھی ہے کہ شہبازشریف نے میرٹ کی حکمرانی کو یقینی بنا کر عام آدمی کے بچوں اور بچیوں کو بھی آگے بڑھنے کا حق دیا ہے۔

وزیراعلیٰ سے برطانیہ کے محکمہ پبلک ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ڈنکین سلبی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی خصوصاً انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی تنظیم نواور اصلاحات پر تبادلہ خیال ہوا۔

برطانیہ کے محکمہ پبلک ہیلتھ نے پنجاب کے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی تنظیم نو اور اصلاحات کیلئے پنجاب حکومت سے تعاون پر اتفاق کیا۔ ریاضی کے بین الاقوامی مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے سرگودھا کے طالب علم سے ملاقات میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ نئی نسل روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ پاکستانی بچے صلاحیت میں کسی سے بھی کم نہیں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہمارے طلبا و طالبات نے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں اور ذہانت کا لوہا منوایا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ابو حفظ کو 5لاکھ روپے کا چیک اور لیپ ٹاپ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ابو حفظ کی مستقبل میں پاکستان یا بیرون ملک جہاں بھی وہ تعلیم حاصل کرنا چاہے، تمام اخراجات برداشت کرے گی۔