دھاندلی کے خلاف فیصلہ آنے سے جمہوریت کے ساتھ محاذ آرائی کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی۔ فرخ شہباز وڑائچ

Farrukh Shahbaz Warraich

Farrukh Shahbaz Warraich

لاہور (پریس ریلیز) پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ کے جنرل سیکرٹری فرخ شہباز وڑائچ نے جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کو جمہوریت کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے سے سیاسی امن و امان کے خلاف محاذ آرائی کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے ۔ فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنوں کو سانپ سونگھ گیا ہے۔

پی ایف یو سی کے عہدیداروں نے کہا کہ ایمپائر کی انگلی کھڑی ہونے کے منتظر جن مٹھی بھر عناصر نے قوم کا وقت برباد کیا ، انتشار پھیلایا اور عوامی مینڈیٹ کی توہین کرتے ہوئے اسے تسلیم کرنے سے قطعی انکار کیا ، وہ خود کو احتساب کیلئے عوامی عدالت میں پیش کریں اور میڈیا پر آکر اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگیں۔

فرخ شہباز نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی جیت کا جشن منانے کی بجائے الیکشن سے قبل قوم کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے اور ان کے زخموں پر مرہم رکھے ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مستقبل میں مذکورہ طرز کے حالات سے بچنے اور انتخابات کے دوران پیدا ہونے والے مسائل کے احاطے کیلئے اپنے عملے کی تربیت کرے اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی میں احتیاط کرے اور آئندہ ایسے واقعات کے سد باب کیلئے واضح حکمت عملی مرتب کرے۔

پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ کے عہدیداروں نے تحریک انصاف کی قیادت بالخصوص عمران خان سے بھی اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔