اگر ہمارے حقوق نہ دیئے گئے تو چھین لیں گے: مصطفیٰ کمال

 Mustafa Kemal

Mustafa Kemal

کراچی (جیوڈیسک) پاک سرزمین پارٹی کی ریلی کا آغاز کارساز سے ہوا۔ ریلی میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کا اختتام مزار قائد پر ہوا۔ ریلی میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

ریلی کے دوران میڈیا سے گفتگو میں پارٹی چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کوئٹہ دھماکے کے بعد جو لوگ سمجھتے تھے کہ کوئی پرچم نہیں اٹھائے گا وہ لوگوں کا سمندر دیکھ لیں جو پاکستان کے لئے نکلے ہیں۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ان کی سابقہ جماعت کے قائد نے لوگوں کو پاکستانی پرچم اٹھانے سے روکا لیکن ہزاروں افراد نے سبز ہلالی پرچم اٹھا کر پاکستان سے محبت کا اظہار کر دیا ہے۔

بعد ازاں مزار قائد پر ریلی کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان ہم سب کا گھر ہے جس پر نااہل لوگوں کا قبضہ ہے، ووٹ لینے والوں کو اپنا قبلہ درست کرنا ہو گا نہیں تو اپنا بوریا بستر باندھ لیں۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اب کوئی لاپتہ نہیں ہو گا اور نہ ہی کوئی را کا ایجنٹ بنے گا، سانحہ کوئٹہ کے بعد را کے ایجنٹوں نے جشن آزادی نہ منانے کا اعلان کیا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے اقتدار میں بیٹھے حکمرانوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ چیئرمین پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے حقوق نہ دیئے تو ہم چھین لیں گے، کراچی کے شہریوں نے ریلی میں بھرپور شرکت کرکے خوف کی فضاء کو توڑ دیا ہے۔