ریاض الحق جج مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے

Riyadh ul Haq and Shahbaz Sharif

Riyadh ul Haq and Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) اوکاڑہ سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی ریاض الحق جج نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی دعوت پر ان سے ملاقات کی اور مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

واضع رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب نے ریاض الحق جج کو ناشتے کی دعوت دی تھی جبکہ پی ٹی آئی پنجاب کے آرگنائزر چودھری محمد سرور نے بھی ان سے ملاقات کرکے انھیں دوبارہ پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے ریاض الحق جج کو ڈپٹی آرگنائزر پنجاب اور کور کمیٹی کی رکنیت کی پیشکش بھی کی گئی لیکن انہوں نے اسے ٹھکرا دیا تھا۔ واضع رہے کہ ریاض الحق جج نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا جس میں انہوں نے اپنے مدمقابل امیدواروں کو بری طرح سے شکست دی تھی۔

کامیابی کے بعد وزیراعظم محمد نواز شریف نے ریاض الحق جج سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی اور ساتھ ہی (ن) لیگ میں شامل ہونے کی دعوت بھی دی تھی۔

اس موقع پر ریاض الحق جج نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ (ن) لیگ ان کے خون میں رچی بسی ہے۔ وہ مسلم لیگی ہیں اور (ن) لیگ ہمیشہ سے ترجیح رہی ہے۔