کوئی سڑکیں بنا رہا ہے کوئی سڑکوں پہ آ رہا ہے، اپنا اپنا مقدر

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

سوات (جیوڈیسک) مینگورہ میں عوامی اجتماع سے وزیراعظم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا جس تبدیلی کا خواب آپ نے دیکھا تھا وہ نہیں آئی بلکہ تبدیلی اب آئے گی۔ 2013ء میں سوات والے جھانسے میں نہ آتے تو تبدیلی آ چکی ہوتی۔ اگر یہ تبدیلی نہیں لا سکے تو ہم تبدیلی لائیں گے۔

انہوں نے کہا تبدیلی دیکھنے کی کوشش کرتا رہا لیکن کہاں ہے تبدیلی؟۔ سوات میں وہی ٹوٹ پھوٹے اسکول ہیں اور وہی ہسپتال۔ کچھ لوگ بات بات پر سڑکوں پر آنے کا کہتے ہیں۔ میں تمہارے لئے سڑکیں بنا رہا ہوں تم سڑکوں پر آتے رہو۔

وزیراعظم نے عمران خان کا نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کوئی سڑکیں بنا رہا ہے کوئی سڑکوں پر آ رہا ہے۔ اپنا اپنا مقدر ہے۔ سوات میں کڈنی اسپتال پنجاب کی طرف سے خیبرپختونخوا کو تحفہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا پشاور کے ضمنی الیکشن میں صوبائی حکمران جماعت چوتھے نمبر پر آئی۔ ہم پشاور جیتیں گے نہیں جیت چکے ہیں۔

وزیراعظم نے مینگورہ میں خواتین کی یونیورسٹی کے سب کیمپس بنانے کیساتھ ساتھ سیدو شریف ایئر پورٹ کو دوبارہ فعال کرنے کا اعلان کیا جبکہ چکدرہ کالام روڈ کو ایکسپریس وے بنانے بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا اقتصادی راہداری بشام کو خطے سے ملائے گی اور اس کے ثمرات اس خطے میں آئیں گے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں شانگلہ کیلئے یونیورسٹی کیمپس کا بھی اعلان کیا۔