رومانیہ کے نئے وزیراعظم کیلئے مسلم خاتون کا نام تجویز

Sevil Shhaideh

Sevil Shhaideh

بخارسٹ (جیوڈیسک) غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق 52 سالہ سیول شاہدہ کو وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے لیے صدر کلاوس یوہانس کی توثیق اور پھر پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہو گا۔

شاہدہ رومانیہ کی سابق بائیں بازو کی جماعت کی حکومت کے دوران ریجنل ڈویلپمنٹ منسٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ واضح رہے کہ رومانیہ میں 11 دسمبر کو ہونے والے عام انتخابات میں پی ایس ڈی نے کامیابی حاصل کی تھی اور ایک اتحادی جماعت کی حمایت کے ساتھ 465 نشستوں پر مشتمل پارلیمنٹ میں 250 سیٹوں کے ساتھ سادہ اکثریت رکھتی ہے۔

اگر شاہدہ کو صدر اور پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہو گئی تو وہ رومانیہ کی پہلی خاتون اور مسلم وزیراعظم ہوں گی۔ رومانیہ کے وزیراعظم نے نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے جبکہ صدر کی جانب سے جمعے کو وزیراعظم کے نام کا اعلان بھی متوقع ہے۔

پی ایس ڈی نے انتخابی مہم کے دوران مزدوروں کی اجرت میں اضافے اور پینشن میں اضافے کا وعدہ کیا تھا۔ وزارت عظمیٰ کے لیے پی ایس ڈی کے ایک اور رہنما لیویو ڈریگنیا بھی میدان میں آنے کا ارادہ ظاہر کر چکے ہیں۔

تاہم رومانیہ کے صدر واضح طور پر یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ایسے کسی امیدوار کی حمایت نہیں کریں گے جس کا ماضی داغ دار ہو۔