حکمران ملک میں امن قائم رکھنے میں مخلص نظر نہیں آتے، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : معروف مذہبی اسکالر و جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے دہشتگردی کے واقعات کی شدید الفاظ مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکمران ملک میں امن قائم رکھنے میں مخلص نظر نہیں آتے ، سیکورٹی الرٹ کے باوجود غفلت افسوسناک اور لمحہ فکریہ ہے، دشمن راہداری منصوبوں کیلئے خطرات پیدا کرنا چاہتے ہیں، دہشتگردی کیخلاف قوم کو متحدہونے کی ضرورت ہے۔ منگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری مذمتی بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ لاہور مال روڈ دھماکہ اور کوئٹہ بلاسٹ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

دشمن قوم کے اتحاد واتفاق سے خوفزدہ ہیں جو چھپ کر وار کرنے میں مصروف ہیں جن کی مذموم کارائیوں سے عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے ، انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کیخلاف پوری قوم نے پاک فوج کے شانہ بشانہ جنگ لڑی ہے اور کسی حد تک دہشتگردی سے جھٹکارہ حاصل کرچکے ہیں، انہوں نے کہاکہ لاہور کوئٹہ دھماکے اور کراچی میں پھر سے فائرنگ کے واقعات رونماء ہونے سے معلوم ہوتاہے کہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے دہشتگرد پھر سے منظم ہونے کی کوششوں میں مصروف ہیں ، انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کیخلاف قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، اس وقت سیاستدان وحکمران دست گریباں اورایک دوسرے پر الزامات لگانے میں مصروف ہیں جس کا بھرپور فائدہ ملک دشمن عناصر حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اب تک دہشتگردی کیخلاف جوبھی کامیابیاں حاصل کی گئیں وہ پاک فوج اور قوم کی جدوجہد کا نتیجہ ہے حکمران ملک میں امن قائم رکھنے میں مخلص نظر نہیں آتے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے حکمران وسیاستدانوں کو ملک وملت سے مخلص اور متحد ہونے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہاکہ لاہور میں ہائی الرٹ سیکورٹی کے باوجود دہشتگردی کا المناک واقعہ پیش آیا اس کے ذمہ داروں کو بھی بے نقاب کیاجائے اور پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے ہاتھوں کو مضبوط کر کے دہشتگردوں کیخلاف بلاتفریق کاروائیاں کی جائیں۔