حکمران خود اپنے پیروں اور جمہوری نظام پر کلہاڑا چلارہے ہیں ‘ راجونی اتحاد

Democratic System

Democratic System

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما سردار خادم حسین سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن ودیگر نے حکومتی اقدامات کی مذمت اور افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ ‘ بنیادی سہولیات کی فراہمی ‘ انصاف و مساوات کے معاشرہ کا قیام اور عوام الناس کو اظہار رائے کی آزادی کے ساتھ امن و تحفظ کی فراہمی جمہوری حکومت کا فریضہ ہے اور جب کوئی منتخب حکومت اپنے اس فریضہ کی ادائیگی میں ناکام دکھائی دے یا اپنے فرائض منصبی کے بر خلاف ذاتی مفادات کیلئے عوام دشمن اقدامات پر اتر آئے تو عدلیہ کیلئے اس کی رخصتی لازم ہوجاتی ہے۔

اسلئے حکمران طبقات عدالتی رخصتی کو آواز دینے والی کرپشن ‘اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر عوام دشمن اقدامات کی بجائے جمہوری طرز حکمرانی اختیار کرتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولیات اور امن و تحفظ کی فراہمی یقینی بنائیں اور آئین و قانون کی حکمرانی و پاسداری کو یقینی بناکر عوام کو غربت ‘ مہنگائی ‘ بیروزگاری ‘ کرپشن ‘ رشوت ‘بنیادی و بلدیاتی مسائل ‘ دہشتگردی ‘ لاقانونیت ‘ قتل و غارت اور ظلم و جبر کے علاوہ احتجاج‘ ہڑتالوں ‘ دھرنوں ‘ ریلیوں اور جلسہ و جلوسوں کی سیاست سے بھی نجات دلائیں۔