حکمرانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام کا اللہ ہی حافظ ہے: جی کیو ایم

Load Shedding

Load Shedding

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت کی جانب سے ہزاروں افراد کی گرمی و لوڈ شیڈنگ کے باعث ہلاکت اسپتالوں و مردہ خانوں میں نعشیں رکھنے کی جگہ کی تنگ پڑجانے کے باوجود وزیراعلیٰ سائیں سرکار کی سرکاری خرچ و عوامی بجٹ پر افطار ڈنر کی سیاست کی مذمت کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو سیاسی رشوت میں زمین پیش کرنے یا سیاست کیلئے افطار ڈنر دینے کا شوق ہے تو وہ وہ زمینیں بانٹ کر پورا کریں جن پر خود انہوں نے ‘ زرداریوں نے اور بلاول کے علاوہ دیگر حکومتی استحصالیوں اور وڈیروں نے قبضہ کررکھا ہے جبکہ خود سرکاری و عوامی خرچ پر پلنے والا عوامی سرمائے سے دوسروں کو ڈنر کھلاکر قوم پر جس طرح ظلم کررہا ہے اس کا انجام انشاء اللہ بہت جلد سامنے آنے والا ہے۔

رات9بجے دکانیں بند کرنے اور سرکاری دفاتر میں صبح 11بجے کے بعد ایئر کنڈیشنڈ کھولنے کے احکامات کو حاتم طائی کی قبر پر لات قرار دیتے ہوئے گجراتی سرکار نے کہا کہ جاہلوں کو حکمرانی مل جائے یا بندر کے ہاتھ میں ناریل آئے دونوں ہی صورتوں میں ایسا ہی ہوتا ہے جیسا پاکستان میں ہورہا ہے اسلئے اب عوام کا یا تو اللہ ہی حافظ ہے یا پھر اپنی اور اپنی نسلوں کی حفاظت کیلئے خود عوام کو حکمرانوں کیخلاف باہر نکلنا ہوگا وگرنہ حکمران اسی طرح لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کا سہارا لیکر عوام کو قتل رتے ہی رہیں گے۔