دیہی مرکز صحت دھونکل میں ڈاکٹروں کی من مانیوں کی وجہ سے مریض ذلیل وخوار ہونے لگے

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار) دیہی مرکز صحت دھونکل میں ڈاکٹروں کی من مانیوں کی وجہ سے مریض ذلیل وخوار ہونے لگے، پرائیویٹ میڈیکل سٹورز سے ادویات کی خریداری کروانے کا الزام۔

دھونکل ہسپتال جہاں بیسیوں قریبی دیہاتوں سے روزانہ سینکڑوں افراد علاج معالجے کی غرض سے رجوع کرتے ہیں ادویات کی عدم فراہمی کی وجہ سے غریب مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ہسپتال میں آئے ہوئے افراد نے الزام لگایا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے سرکاری ہسپتالوں میں وافر ادویات فراہم کرنے کے باوجود میڈیکل افسر ڈاکٹر طارق مریضوں کو قریبی میڈیکل سٹور سے ادویات خریدنے پر مجبور کرتا ہے اور معمولی امراض کی ادویات بھی ہسپتال سے دی نہیں جاتیں۔ مریضوں نے بتایا کہ متذکرہ میڈیکل افسر مریضوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولتوں کے حصول کیلئے اپنے پرائیویٹ کلینک گکھڑ آنے کے مشورے دیتا ہے۔

دوسری جانب ہسپتال کی ایمبولینس کا ڈرائیور ایمرجنسی کی حالت میں دستیاب نہیں ہوتاجس کی وجہ سے مریضوں کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کرنے میں پریشانی کا سامنا رہتا ہے عوامی، سماجی حلقوں نے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔