سعد رفیق کو بولنے کی اجازت دینے پر قومی اسمبلی میں ہنگامہ، اجلاس ملتوی

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں میں ہوا۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے خطاب کے بعد جب حکومتی بینچ سے خواجہ سعد رفیق جواب دینے کھڑے ہوئے تو اس دوران تحریک انصاف نے بھی بات کرنے کی اجازت مانگی تاہم اسپیکر نے پی ٹی آئی کے ارکان کو بات کرنے سے روکا جس کے بعد تحریک انصاف کے ارکان نے شدید احتجاج کیا اور ایوان میں نعرے بازی کی۔

تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی اراکین کو خاموش کراتے رہے تاہم پی ٹی آئی ارکان شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ خواجہ سعد رفیق نے اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کو غنڈہ گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جمہوریت کی الف ب کا بھی نہیں پتا۔ تحریک انصاف والے صرف اپنی تنخواہیں سیدھی کرنے ایوان میں آئے ہیں۔

اپوزیشن نے اسمبلی کے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر اسپیکر ڈائس کے سامنے پھینک دیں اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر کے نعرے بازی کی۔ ایوان میں اپوزیشن اراکین نے وزیراعظم جب کہ حکومتی اراکین نے عمران خان کے خلاف نعرے بازی کی۔

اپوزیشن کی شدید ہنگامہ آرائی کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کی کارروائی کو 15 منٹ کے لیے ملتوی کیا گیا تاہم صورتحال معمول پر نہ آنے کے بعد اسپیکر اپوزیشن لیڈر کی مشاورت کے بعد اجلاس کل شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا۔