سعید اجمل کو کرکٹ اکیڈمی کیلئے نئی جگہ فراہم کر دی گئی

Saeed Ajmal

Saeed Ajmal

فیصل آباد (جیوڈیسک) زرعی یونیورسٹی میں سعید اجمل کو کرکٹ اکیڈمی کی جگہ تو نہ ملی لیکن ضلعی انتظامیہ نے سعید اجمل کی سن لی۔ جھنگ روڈ پر فردوس کالونی کے شہباز شریف پارک میں کرکٹ اکیڈمی کیلئے نئی جگہ دے دی گئی۔

اکیڈمی کے افتتاح کیلئے خود سعید اجمل اور ڈی سی او پہنچے۔ کرکٹ اکیڈمی کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل کا کہنا تھا کہ وہ نئی جگہ ملنے پر تو خوش ہیں۔

تاہم زرعی یونیورسٹی میں بھی اکیڈمی واپس ملنے کیلئے پرامید ہیں۔ سعید اجمل کے ہمراہ ڈی سی او نے بھی کرکٹ اکیڈمی کے افتتاح پر خوشی کا اظہار کیا۔ کرکٹ اکیڈمی میں موجود نوجوان کرکٹرز بھی سعید اجمل کو دوبارہ اکیڈمی ملنے پر خوش دکھائی دئیے۔

سعید اجمل کرکٹ اکیڈمی میں عالمی سطح کی وکٹیں تیار کی جائیں گی جبکہ سعید اجمل سمیت نامور کھلاڑی نوجوان کرکٹرز کو ٹریننگ دیں گے۔