صفورا گوٹھ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، غلام دستگیر خان

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ : سینئر راہنما مسلم لیگ ن غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ صفورا گوٹھ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، حکومت آخری دہشت گرد کے خاتمے کا تہیہ کر چکی، دہشت گردوں کی پناہوں کو تلاش کرنے کے لئے عوام کا تعاون ضروری ہے۔

سانحہ میںبحق ہونے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بے گناہوں کو خون بہانے والے بد ترین نجام سے بچ نہیں سکتے، وزیر اعلیٰ سند ھ کام کرنے کے قابل نہیں تو آصف زرداری انہیں تبدیل کر دیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش پر مسلم لیگ ن تحصیل وزیر آباد کے صدر اعجاز پرویا ایڈووکیٹ اورکونسلر کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ نمبر 1طاہر فاروق چیمہ کی قیادت میں آئے ہوئے وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امن کے قیام کی بنیادی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے اور اگر سید قائم علی شاہ کی صحت انہیں کام کی اجازت نہیں دیتی تو بہتر ہوگا کہ انہیں تبدیل کر دیا جائے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف راحیل شریف دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا تہیہ کر چکے ہیں ،مسلم لیگ ن کی حکومت کا عزم ہے کہ وطن عزیز میں چھپے ہوئے امن کے دشمنوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر ان کا قلع قمع کیا جائے گا،عوام کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے میں ہر ممکن تعاون کریں کیونکہ عوام کی اس مشن میں شمولیت کے بغیر اس ناسور کو ختم کرنا مشکل ہے۔