سانحہ صفورہ کے ذمہ داران کی گرفتاری پر اسماعیلی کمیونٹی کا اظہار تشکر

Karachi

Karachi

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سانحہ صفورہ کے مبینہ ملزمان کی گرفتاری یقینا تحقیقاتی اداروں کی بڑی کامیابی ہے مگر اس کا تمام تر کریڈٹ پاکستانی قوم کو جاتا ہے جس نے پر امن اسمٰعیلی برادری کے قتل عام اور دہشتگردی کی اس واردات کیخلاف یکجا ہوکر صدائے احتجاج بلند کی جس کی بدولت تحقیقاتی ادارے پوری توانائی کیساتھ دہشتگردوں کیخلاف سرگرم ہوئے اور دہشتگرد قابو میں آگئے۔

اسمعیلی برادری کے معروف سماجی وسیاسی رہنما امیر پٹی نے عبدالعلی بھائی ‘ نور علی میگھانی ‘ پرویز میگھانی ‘ حاجی امیر علی خواجہ ‘وزیر علی سولنگی ‘ ڈاکٹر شیراز اور سلیم پنجوانی و دیگر نے سانحہ صفورہ کے ملزمان کی گرفتاری پر تحقیقاتی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے اور اسمٰعیلی برادری سے یکجہتی پر قوم کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ میں ملوث حقیقی ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچا نا ہی انصاف اور قومی ضرورت ہے۔

لیکن عالمی و قومی دباو پر قوم کو بے وقوف بنانے اور اسماعیلی برادری کو طفل تسلی دینے کیلئے حقیقی ذمہ داران کی بجائے قربانی کے بکروں کے ذریعے کام چلانے کی روایت دہرائی گئی تو اس سے حقیقی ذمہ داران کے حوصلوں کو تقویت و توانائی حاصل ہوگی اور دہشتگردی کا سلسلہ تھمنے کی بجائے اس میں زیادہ شدت و وسعت آئے گی جس کے نتائج یقینا ملک و قوم کے مفاد میں سودمند ثابت نہیں ہوں گے۔