سلمان بٹ اور محمد آصف پر انگلش کرکٹ بورڈ نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، شہریار خان

Shahriyar khan

Shahriyar khan

لندن (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان کا کہنا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ میں سزایافتہ کرکٹر سلمان بٹ اور محمد آصف کے بارے میں انگلش کرکٹ بورڈ کو تحفظات تھے ۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں شہریار خان کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے لئے پاکستانی ٹیم کی سلیکشن اور محمد عامر کے ویزے کے موقع پر انگلش کرکٹ بورڈ نے سلمان بٹ اور محمد آصف کے بارے میں تحفظات کا اظہارکیا تھا تاہم یہ دونوں کرکٹرز دورہ انگلینڈ کے لئے منتخب کردہ ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے۔

شہریارخان نے کہا کہ سلمان بٹ اور محمد آصف کو بحالی کے پروگرام میں رکھا گیا تھا جس کے بعد دونوں کرکٹرز نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی تاہم جب شہریار خان سے پوچھا گیا کہ سلمان بٹ اور محمد آصف پر انگلش بورڈ کے تحفظات کا مطلب یہ لیا جاسکتا ہے کہ وہ کبھی انگلینڈ کا دورہ نہیں کریں گے جس پر انہوں نے کہا کہ ان دونوں کھلاڑیوں کی سلیکشن کا معاملہ جب آئے تو اس وقت دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر 2010 کے انگلینڈ کے دورے میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے جس کی سزا وہ پوری کر چکے ہیں جس کے بعد سلمان بٹ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے لیے پراُمید ہیں جب کہ محمد آصف ان دنوں ناروے میں کلب کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں جب کہ محمد عامر قومی ٹیم کے ہمراہ لندن میں موجود ہیں۔