ڈیرن سیمی کو اعزازی شہریت کی پیشکش والا پرویز خٹک کا ٹویٹر اکاؤنٹ جعلی نکلا

Sammy

Sammy

پشاور(جیوڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے مشیر مشتاق غنی نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ پاکستان سپرلیگ میں پشاور زلمی کے بلے باز اور ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان کو پاکستان کی اعزازی شہریت کی پیشکش کی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ شہریت دینے کا اختیار صرف وفاقی حکومت کو حاصل ہے، اس قسم کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ویسٹ انڈین کپتان کو ملک کی شہریت دینے کی پیش کش کی اور جس اکاؤنٹ سے ملکی شہریت کی پیش کش کی گئی وہ بھی جعلی ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویزخٹک کے ٹویٹ کے حوالے سے خبر زیر گردش رہی کہ پرویز خٹک نے پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے ڈیرن سیمی کو اعزازی شہریت دینے کی پیشکش کی اور انھیں سیمی خان کہہ کر’’ پخیر راغلے‘‘ بھی کہا۔