ثانیہ مرزا کو سیاہ رنگ کی قیمتی گاڑیوں کا شوق

Sania Mirza

Sania Mirza

حیدر آباد / دکن (جیوڈیسک) بھارتی ٹینس اسٹارثانیہ مرزا بھی قیمتی گاڑیوں کی شوقین نکلیں، آبائی گھر میں چمچماتی سیاہ کاروں کا بیڑا موجود ہے، گھر پر ملازم بھی بلیک سوٹس میں ملبوس رہتے ہیں، وہ کہتی ہیں کہ پریشر کے ساتھ زندہ رہنا سیکھ لیا، رواں برس میرے لیے خوابناک ثابت ہوا، مارٹینا اور میں ایک دوسرے کو ’راس‘ آگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ثانیہ مرزا بھی دیگر مشہور شخصیات کی طرح اعلیٰ ذوق کی مالک ہیں، حیدرآباد دکن میں ان کے آبائی گھر میں قیمتی گاڑیوں کا بیڑا موجود ہے جس میں مرسڈیز بینز، بی ایم ڈبلیو اور رینج روور شامل ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سب سیاہ رنگ کی ہیں،ان کے گھر میں جو ملازم ہیں وہ بھی سیاہ سوٹس میں ملبوس رہتے ہیں۔
ان کا لیونگ کم ڈائننگ روم بھی کسی پوسٹ کارڈ تصویر سے کم نہیں ہے۔

اپنی پسندیدہ گاڑیوں میں وہ مرسڈیز بینز کو زیادہ پسند کرتی ہیں، اس بارے میں ثانیہ نے کہاکہ چونکہ یہ میری پہلی بڑی کار تھی اس لیے مجھے دیگر سے زیادہ پسند ہے۔ رواں سال ثانیہ مرزا کیلیے انتہائی کامیاب ثابت ہوا اس دوران انھوں نے مارٹینا ہینگز کی ہمراہی میں ومبلڈن اور یو ایس اوپن ویمنز ڈبلز گرینڈ سلم سمیت مجموعی طور پر 10 ٹائٹلز اپنے نام کیے۔

خصوصی انٹرویو میں ثانیہ مرزا نے 2015 کو اپنے لیے خوابناک سال قرار دیا، انھوں نے کہاکہ اگرچہ میرا پورا کیریئر ہی کافی اچھا رہا لیکن گذشتہ 2 برس کافی بہترین ثابت ہوئے، خاص طور پر رواں برس کو تو میں اپنے لیے خوابناک قرار دے سکتی ہوں، بطور پارٹنر مارٹینا ہنگز کا ساتھ میرے لیے خوش قسمتی سے کم نہیں۔

ایک سوال پر ثانیہ مرزا نے کہا کہ مارٹینا کا کیریئر میں تیسرا کم بیک اور میرا دوسرا ہوا ہے، 2010 میں کلائی کی انجری کے بعد مجھے اپنے کیریئر ختم ہوتا ہوا دکھائی دیا تھا، دونوں ہی کی پرفارمنس کچھ زیادہ اچھی نہیں تھی لیکن ہم ایک دوسرے کو راس آگئے ہیں۔