سنجے دت نے منشیات جوتوں میں چھپا کر سمگل کرنے کا اعتراف کر لیا

Sanjay Dutt

Sanjay Dutt

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں سنجو بابا کے نام سے مشہور اداکار سنجے دت نے کہا ہے کہ ماضی میں منشیات کا عادی ہو جانے پر کسی بھی قسم کا خطرہ مول لینے سے گریز نہیں کرتا تھا اور یہی وجہ ہے کہ ایک بار جوتوں میں ایک کلو ہیروئن چھپا کر جہاز کا سفر کیا۔

بالی ووڈ کے ستاروں میں نشہ کرنا معمولی سی بات سمجھی جاتی ہے اور کئی اداکار نشے کی لت کے باعث جیل کی ہوا بھی کھا چکے ہیں ، جبکہ بالی ووڈ کے سنجے دت بھی منشیات استعمال کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہیں جنہیں نشے کی عادت نے بڑی مصیبتوں میں پھنسایا ہے لیکن اب سنجو بابا کے انکشافات نے سب کو چونکا دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے دت نے ایک انٹرویو میں اپنے نشے کی عادت سے متعلق بڑے انکشافات کیے ہیں جنہوں نے نہ صرف سب کو حیران کردیا ہے بلکہ بھارت کی اندرونی سکیورٹی کا پول بھی کھول دیا ہے۔

سنجے دت کا کہنا تھا کہ والدہ کے کینسر جیسے موذی مرض کے علاج کے دوران ہی میں نے منشیات لینا شروع کردی تھی اور فلم نگری میں قدم رکھتے وقت منشیات کا عادی ہوچکا تھا جبکہ منشیات کا عادی ہوجانے پر کسی بھی قسم کا خطرہ مول لینے سے گریز نہیں کرتا تھا۔

یہی وجہ ہے کہ ایک بار جوتوں میں ایک کلو ہیروئن چھپا کر جہاز کا سفر کیا جبکہ اس وقت میری دونوں بہنیں پرواز میں ساتھ تھیں۔