سرفراز نے ابھی سے آفریدی کا بیٹنگ نمبر بھی سوچ لیا

Afridi

Afridi

لاہور (جیوڈیسک) نومنتخب ٹوئنٹی20 کپتان سرفراز احمد نے ابھی سے شاہد آفریدی کا بیٹنگ نمبربھی سوچ لیا اور آل راؤنڈر کیلئے تیسرے یا چوتھے نمبر پر بیٹنگ کو موزوں قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سرفراز احمد نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جو بھی پلان ملا اس پر عملدرآمد کرتے ہوئے شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، انھوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کے بطور کھلاڑی کھیلنے میں کوئی حرج نہیں، ان کی ملکی کرکٹ کیلیے20 سالہ خدمات ہیں، وہ کئی بار ملکی فتوحات میں اہم کردار ادا کرچکے، اب بھی ایسا کر دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایک سوال پر سرفراز نے کہا کہ شاہد آفریدی تیسر ے یا چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلیے موزوں ثابت ہوسکتے ہیں، ورلڈ ٹوئنٹی20 میں انھوں نے بطور کپتان اوپر آکر کھیلنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوسکتا تھا لیکن بد قسمتی سے ایسا نہ ہوا،

بھارت کیخلاف میچ میں کامیاب ہوتے تو شاید ایونٹ میں بھی کارکردگی توقعات کے مطابق نظر آتی، کپتان نے انٹرویو میں بار بار سوال کیے جانے کے باوجود تسلیم نہیں کیا کہ میگا ایونٹ کی ناکام مہم کے دوران کھلاڑیوں میں گروہ بندی یا اختلافات تھے، انھوں نے کہا کہ اس وقت میں کسی کو اسکواڈ میں غیر ضروری نہیں سمجھتا، سب کی بڑی خدمات ہیں جن کی قدر کرتا ہوں، محمد حفیظ سمیت کسی کو بھی ٹیم پر بوجھ قرار نہیں دے سکتا، وہ ٹاپ آرڈر میں بہترین پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

عمر اکمل مڈل آرڈر کیلیے موزوں ہیں، انھوں نے کہا کہ میں سارا بیٹنگ آرڈرابھی نہیں بتا سکتا لیکن اسکواڈ کی تشکیل میں میری مشاورت شامل ہوگی، پرفارم کرنے والوں کو ملک کی نمائندگی کا حق دلانے کی کوشش ہوگی، خود ٹاپ آرڈر میں کھیلنے کے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ مختلف امور کو حتمی شکل دینے کیلیے خاصا وقت موجود ہے، پوری کوشش ہوگی جس نمبر پر بھی کھیلوں ذاتی کارکردگی کے ساتھ بطور کپتان سب کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلاؤں۔ یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم کا اب 7 ستمبر کو انگلینڈ سے ٹی ٹوئنٹی میچ ہونا ہے۔