سرفراز اللہ خان اور ان کے بھائی کی وفات پر مختلف صحافتی تنظیموں کا شدید رنج و غم کا اظہار

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد : محکمہ تعلقات عامہ حکومت پنجاب کے جواں سال آفیسر اور ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز انفارمیشن آفس جھنگ سرفراز اللہ خان اور ان کے بھائی کی پیر کی صبح سڑک کے ایک افسوسناک سانحہ میں حادثاتی و ناگہانی وفات حسرت آیات پر فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کی مختلف صحافتی تنظیموں نے شدید رنج و غم کااظہار کیا ہے۔

سرفراز اللہ خان کاشمار محکمہ تعلقات عامہ حکومت پنجاب کے انتہائی محنتی ، فرض شناس ، دیانتدار ،تجربہ کار افسران میں ہوتا تھا جو قبل ازیں مختلف عہدوں پر بطور انفارمیشن آفیسر ، پبلک ریلیشنز آفیسرز اور ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ اپنے فرائض سرانجام دے چکے تھے۔

موصوف شعبہ ابلاغیات پنجاب یونیورسٹی لاہور کے فارغ التحصیل گریجوایٹ اور اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن و جرنلزم ایلومینائی انسٹیٹیوٹ آف کمیونیکیشن سٹڈیز جامعہ پنجاب کے روح رواں بھی تھے۔ موصوف شیخوپورہ کے رہائشی تھے جن کی کچھ عرصہ قبل بطور ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ جھنگ تقرری کی گئی تھی ۔ موصوف ویک اینڈ کے باعث اپنے اہلخانہ سے ملنے کیلئے شیخوپورہ گئے تھے جہاں سے پیر کی صبح وہ اپنے بھائی کے ہمراہ گاڑی پر جارہے تھے کہ سڑک کے ایک افسوسناک سانحہ میں شدید زخمی ہو کروہ اپنے بھائی سمیت مالک حقیقی سے جا ملے۔

مرحوم کی اچانک ناگہانی وافسوسناک وفات حسرت آیات پر محکمہ تعلقات عامہ فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ کے افسران و اہلکاران ، قومی سرکاری خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان فیصل آباد بیورو کے جرنلسٹس و نان جرنلسٹس سٹاف ممبران ، پریس کلب فیصل آباد ، جھنگ ، فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس ، جھنگ یونین آف جرنلسٹس ، ریجنل یونین آف جرنلسٹس پنجاب فیصل آباد و جھنگ ، ایڈیٹرز کونسل فیصل آباد اور دیگر تنظیموں نے ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ جھنگ سرفرا ز اللہ خان کی ناگہانی وفات پر انتہائی افسوس اور غم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں مرحوم و مغفور کیلئے بخشش اور ان کے پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سرفراز اللہ خان مرحوم کی پیشہ وارانہ خدمات کو جس قدر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیاجائے اتناہی کم ہے۔ انہوںنے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے اہل خانہ اور پسماندگان کو یہ صدمہ جانکاہ ہمت و استقامت سے برداشت کرنے سمیت صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔