سرگودھا کی مارکیٹ میں آگ لگنے سے 50 دکانیں جل گئیں، لاکھوں مالیت کا نقصان

Fire

Fire

سرگودھا (جیوڈیسک) شہر کے گنجان ترین بازار کی دکانوں میں آگ لگنے سے 50 سے زائد دکانیں جل گئیں جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

سرگودھا کے علاقے بلاک 2 میں واقع بازار میں موجود کپڑے کی دکان میں شاٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا جس سے 50 سے زادئد دکانیں جل گئیں جن میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی جل کر راکھ ہوگیا تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے پہلے فائربریگیڈ کی گاڑیوں نے کوشش کی تاہم آگ کے بے قابو ہونے پر خوشاب، چنیوٹ اور جھنگ سے فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے جب کہ آگ بجھانے میں ایئرفورس کی گاڑیوں نے بھی حصہ لیا جس کے بعد 3 گھنٹے میں 17 سے زائد گاڑیوں نے آگ پر قابو پالیا۔

بازار کی گلیاں تنگ ہونے کے سبب آگ بجھانے میں مشکلات پیش آئیں۔ ڈی سی او سرگودھا کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے جس کے بعد دکانوں میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔