سعودی ایران کشیدہ تعلقات ، ایرانی زائرین رواں سال حج نہیں کر سکیں گے

Hajj

Hajj

تہران (جیوڈیسک) ایران کے ثقافتی وزیر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ انتظامات پر معاہدہ نہ ہونے کے باعث ایرانی زائرین رواں سال حج نہیں کر سکیں گے۔ سعودی ایران کشیدہ تعلقات کا اثر حج زائرین پر بھی ہونے لگا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے ثقافتی وزیرعلی جنتی کا کہنا ہے کہ حجاج کے انتظامات کے حوالے سے سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں اور حاجیوں کے انتظامات کے لیے اب بہت دیر ہو گئی ہے جس کی وجہ سے رواں سال ایرانی زائرین رواں سال حج نہیں کر پائیں گے ۔ گذشتہ سال منیٰ میں بھگدڑ مچنے سے سینکڑوں افراد شہید ہوئے تھے جن میں چار سو سے زائد ایرانی زائرین بھی شامل تھے۔

منیٰ میں بھگدڑ مچنے کے واقعے پر ایران سعودی تعلقات میں تلخی آگئی تھی ، تاہم کشیدگی میں شدت اُس وقت آ گئی جب رواں سال کے شروع میں ایرانی دارالحکومت تہران میں مشتعل مظاہرین نے سعودی سفارت خانے کو آگ لگا دی جس کے بعد دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات منقطع ہو گئے تھے۔