سعودی عرب : بارودی سرنگ کا دھماکا، سرحدی محافظ جاں بحق

Saudi Soldier

Saudi Soldier

الریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے جنگ زدہ یمن کے ساتھ واقع سرحدی علاقے میں ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک محافظ جاں بحق ہوگیا ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے نے وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک کے جنوبی علاقے جازان میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا ہے۔البتہ وزارت داخلہ نے یہ نہیں بتایا ہے کہ یہ بارودی سرنگ کس نے بچھائی تھی۔

یمن میں مارچ 2015ء سے سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کی حوثی باغیوں کے خلاف فضائی مہم کے آغاز کے بعد سے آئے دن سرحدی علاقے میں اس طرح بارود سرنگوں کے دھماکے ہوتے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان واقع سرحدی علاقے میں سعودی حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان مارچ میں مفاہمت طے پانے کے بعد سے صورت حال پُرامن ہے اور حوثی ملیشیا نے یمن کے شمالی علاقے سے سعودی علاقے کی جانب گولہ باری نہیں کی ہے۔

اس جنگ بندی کے بعد ہی کویت میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں یمنی حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان امن مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی تھی۔یہ اور بات ہے کہ دو ماہ سے زیادہ عرصے تک جاری رہنے والے ان مذاکرات میں کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوسکی تھی۔