سعودی عرب میں خطے کی سب سے بڑی فوجی مشقیں، پاکستان سمیت 20 ممالک شریک

Saudi Arabia Military Exercises

Saudi Arabia Military Exercises

ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب میں مشرق وسطیٰ کی تاریخ کی سب سے بڑی اور اہم فوجی مشقیں جاری ہیں جس میں پاکستان سمیت 20 ملکوں کے فوجی دستے شامل ہیں۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ان مشقوں کا انعقاد سعودی عرب کے شمالی شہر حفرالباطن کے کنگ خالد ملٹری سٹی میں کیاجارہا ہے۔ ملکوں کی تعداد کے لحاظ سے یہ سب سے بڑی فوجی مشقیں شمار کی جارہی ہیں جس میں 20 عرب اور برادر اسلامی ممالک کے علاوہ خلیج کے 6 ممالک کی مشترکہ فوج بھی شریک ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ مشقیں کتناعرصہ جاری رہیں گی۔

ان مشقوں میں سعودی عرب کے علاوہ پاکستان، متحدہ عرب امارات، اردن، بحرین، سینیگال، سوڈان، کویت، مالدیپ، مراکش، چاڈ، تیونس، جبوتی، کوموروس، سلطنت عمان، قطر، ملائیشیا، مصر، ماریطانیہ اورماریشس شریک ہیں۔

’شمال کی گرج‘ نامی یہ مشقیں شریک ممالک کی تعداد اور مختلف اقسام کے فوجی سازوسامان کے علاوہ جدید ترین ہتھیاروں اور اسلحے کے لحاظ سے اپنی نوعیت کی سب سے بڑی مشق ہے۔ جس میں 20 ممالک کے جدید ترین جنگی طیاروں، توپوں، ٹینکوں، فوجی دستوں، طیارہ شکن نظام اور بحری افواج کی وسیع پیمانے پر شرکت ان صلاحیتوں کے حجم اوراعلیٰ درجے کی عکاس ہے جو یہ ممالک رکھتے ہیں۔

زمینی، فضائی اور بحری افواج پر مشتمل یہ مشقیں اس بات کا واضح پیغام ہے کہ سعودی عرب اوراس کے اتحادی ممالک تمام ترچیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور خطے کا امن واستحکام برقرار رکھنے کے لیے ایک ہی صف میں کھڑے ہیں۔