سعودی عرب، امریکا اجلاس : داعش سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر غور

Saudi Arabia, America Meeting

Saudi Arabia, America Meeting

جدہ (جیوڈیسک) سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے منگل کے روز امریکی صدر براک اوباما کے ایلچی برائے داعش مخالف مہم برٹ میکفورڈ نے جدہ میں ملاقات کی ہے اور ان سے مشرق وسطیٰ کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

اجلاس میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے خلاف بین الاقوامی اتحاد کی جنگی مہم میں سعودی عرب اور امریکا کے درمیان تعاون اور رابطہ کاری پر خاص طور پر بات چیت کی گئی ہے۔

سعودی عرب امریکا کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد میں شامل ہے اور اس کے لڑاکا طیارے بھی شام میں داعش کے خلاف فضائی مہم میں شریک ہیں۔

اس فضائی مہم کے نتیجے میں داعش کو شام میں اپنے مضبوط ٹھکانوں اور زیر قبضہ علاقوں سے پسپا ہونا پڑا ہے اور اس وقت اس سخت گیر گروپ کے شام میں پاؤں اکھڑ چکے ہیں جبکہ عراق میں بھی اس کو پے درپے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔