سعودی معیشت کو نقصان پہنچا تو امریکا بھی محفوظ نہیں رہے گا: سعودی وزیر توانائی

Saudi Arabia

Saudi Arabia

سعودی عرب (جیوڈیسک) سعودی عرب نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر ٹرمپ کی پالیسیوں سے سعودی عرب کی معیشت کو نقصان پہنچا تو امریکا بھی محفوظ نہیں رہے گا۔

سعودی عرب کے وزیر برائے توانائی خالد الفالح کا کہنا ہے کہ امریکا آزاد مارکیٹس کا سب سے بڑا حامی ہے اور تیل کی خریداری کا سب سے زیادہ فائدہ بھی واشنگٹن نے اٹھایا جس سے امریکا میں ملازمتوں کے ہزاروں مواقع بھی پیدا ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹرمپ نے اپنے انتخابی وعدوں کے مطابق سعودی عرب سے تیل کی درآمد پر پابندی لگائی تو امریکی معیشت پر بھی منفی اثر پڑے گا۔

سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں اور دنیا میں تیزی سے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو قابو کرنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے اور ایسی صورت حال میں ہم لوگوں کو غربت میں دھکیل پر ان کی مشکلات میں اضافہ نہیں کر سکتے۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ پیرس میں طے پانے والے گرین ہاؤس معاہدے کو ختم کرنے کا کہہ چکے ہیں جب کہ سعودی عرب ان 200 ممالک میں سے ایک ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں کو روکنے کے لئے پیرس معاہدے پر فوری عمل درآمد کا خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ سعودی عرب سمیت مختلف ملکوں سے تیل کی درآمد بند کر دیں گے۔