سعودی وزیر خارجہ کی وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات، دو طرفہ امور پر بات

Adel Bin Ahmed al-Jubeir and Nawaz Sharif

Adel Bin Ahmed al-Jubeir and Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ نور خان ائربیس پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر سعودی سفیر بھی موجود تھے۔ سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے کی سیکورٹی صورتحال زیرغور آئی۔

عادل بن احمد الجبیر نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کارکردگی کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے آرمی چیف سے ملاقات کے بعد وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سعودیہ تعلقات اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے 34 ممالک کے اتحاد پر بھی وزیراعظم نواز شریف کو اعتماد میں لیا۔ ملاقات میں قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ ، سر تاج عزیز، طارق فاطمی موجود تھے۔