علماء کرام اپنے منصب کے مطابق معاشرے کو درست سمت چلانے میں کردار ادا کریں، مفتی محمد نعیم

Mufti Muhammad Naeem

Mufti Muhammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ ائمہ مساجد دین اسلام کے ترجمانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں ،علماء کرام اپنے منصب کے مطابق معاشرے کو درست سمت میں چلانے میں کردار ادا کریں ، فحاشی عریانی اور دیگر مہلک اخلاقی خرابیوں سے نسل نو کو بچانے کیلئے درس قرآن وحدیث اور اصلاحی مجالس کا انعقاد کریں

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے علماء کرام کو انبیاء کا وارث قرار دیاہے۔ان خیالات کا اظہارجمعرات کو جامعہ بنوریہ عالمیہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے ائمہ مساجد کے نام ایک خط میں کیا۔ انہوںنے کہاکہ علماء منبر و محراب کی آواز اور کارکردگی کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ طاغوت کی ہمہ جہت یلغار کے آگے دیوا ر کھڑی کرسکیں

عوام الناس کی حالات حاضرہ کے تناظر میں صحیح اور معیاری راہنمائی کریں یہ وقت کا اہم اور ضروری تقاضا ہے جو کہ منبر رسول کی وساطت سے ہی ممکن ہے،انہوںنے کہاکہ علماء کرام معاشرے کو درست سمت چلانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ملک وملت کیخلاف سازشوں کے سدباب اور دین کے حوالے سے درست آگہی کے حوالے سے علماء کرام اپنے فرائض کی انجام دہی پر توجہ دیںفرقہ واریت کے عنصر کو مکمل طور پر مسترد کردیں۔

انہوںنے کہاکہ عوام الناس کو مسلکی مسائل اور نعروں میں الجھانے کے بجائے دو ٹوک دینی احکام ومسائل پیش کیے جائیں اور مساجد میں درس قرآن و حدیث کا اہتمام کریں تاکہ معاشرے کی اصلاح کا فریضہ بخوبی انجام پائے۔

انہوں نے کہاکہ درس قرآن و حدیث کے ساتھ ساتھ مختصراً (جس کادورانیہ چاریا پانچ منٹ ہو)فقہ کے اہم مسائل جیسے ابتدائی طور پر ارکانِ خمسہ (طہارت ، نماز، زکوٰة، روزہ ، اور حج) کے ضروری مسائل کو بیان کیاجائے۔