الحراء اسکول شریف کالونی میں دستار بندی اور سالانہ تقریب کا شاندار انعقاد

Al-Hira Dastaarbandi and Annual Function

Al-Hira Dastaarbandi and Annual Function

پٹنہ (نمائندہ خصوصی) الحراء پبلک اسکول، شریف کالونی، پٹنہ کے ڈائرکٹر جناب محمد انورنے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اسکول کے شعبۂ تحفیظ القرآن کے فارغین حفاظ کرا م کی دستار بندی مولانا انیس الرحمان قاسمی، مولانا شمیم منعمی، مولانا رضوان احمد اصلاحی، مولانا افتخار قاسمی، مولانا قمر انیس قاسمی، حافظ معین چترویدی، مولانا حافظ عبدالستار قاسمی اور ڈائرکٹر محمد انور کے ہاتھوں ہوئی اور اس روح پرور منظر نے ناظرین اور سامعین کو محظوظ کردیا۔

جن حفاظ کی آج دستار بندی ہوئی ا ن کے نام اس طرح ہیں: حافظ ارحم سعیدابن ڈاکٹر شکیل احمد، حافظ شیخ محمد بلال ابن منظر امام، حافظ فلک انور ابن محمد اکبر علی، حافظ محمد التمش فیضان ابن محمد اسلم ، حافظ کونین اعجازابن اعجاز حسن، حافظ ثوبان احمد ابن ثمیراحمد، حافظہ ام کلثوم بنت محمد کمال الدین، حافظہ صابرین فاطمہ بنت محمد شہاب الدین اور حافظ سفیان احمد خان ابن تنویر احمد خان ہیں۔

بعدہ، اسکول کا سالانہ ثقافتی پروگرام بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔ جس میں عمائدین شہر ، گارجین حضرات اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر حفاظِ کرام کو اسناد وتحائف سے نوازا گیا۔

تقریب کا آغاز معاذ اقبال شعبۂ حفظ کی تلاوت کلام مجید سے ہوا۔ جس کااردو اور انگریزی ترجمہ بالترتیب محمد یوسف شعبۂ حفظ اور خدیجة الکبریٰ شعبۂ حفظ نے پیش کیا۔ اس کے بعد حمد باری تعالیٰ ناعمہ اقبال اور ان کی سہیلیوں نے مسحور کن آواز میں پیش کیا۔ حافظہ فردوس پروین نے عربی زبان میں تقریر کی۔ مکالمہ کی شکل میں انعم بانو اور اس کی سہیلیوں نے شعبۂ حفظ کا نہایت موثر انداز میں تعارف کرایا۔

جب کہ شعبہ کے صدر مدرس قاری عبد الستار قاسمی نے بالتفصیل شعبۂ حفظ کا تعارف کراتے ہوئے حفظ قرآن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہاکہ شعبۂ تحفیظ القرآن الحراء پبلک اسکول کو مختصر مدت میں جو تعلیمی وتربیتی میدان میں ظاہری وباطنی لحاظ سے جو کامیابی ملی ہے وہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور علم دوست واہل خیر حضرات کے تعاون کا ثمرہ ہے۔ یہ شعبۂ تحفیظ القرآن نایاب نہیں تو کم یاب ضرور ہے۔ اس کے بعد تمام حفاظ نے مظاہرۂ قرأت پرسوز انداز میں پیش کیا ۔ دستار بندی کے بین محمد عدنان درجہ سوم نے نہایت رقت آفریں اندازمیں نظم فضلیت حافظ پیش کرکے سامعین کو مسحور کردیا۔

دوسری نشست کا آغاز حافظ حذیفہ بن انور کی تلاوت و ترجمہ سے ہوا، جب کہ اس کا انگریزی ترجمہ امامہ بنت انور نے پیش کیا۔ اس کے بعد صائمہ بسم اﷲ اور فرحین فاطمہ نے بارگاہ ِ رسالت میں نعت نبی گنگنایا۔ اس کے علاوہ بچے بچیوں نے نظم ”آئی لک” ،نظم، ”لب پہ آتی… ”،نظم ”اے گفٹ ٹو یو”، نظم ”مرسی لائک دی رِین ” ،نظم ” کل شئی” ، نظم ”سیٹی آف مدینہ” ، نظم ” رسول اﷲ ” پیش کیا۔ اس موقع پر زیباانیس اور اس کی سہیلیوں نے نہایتی سبق آموز ڈرامہ ”آدھا کمبل” پیش کیا جسے دیکھ کر والدین کی آنکھیں چھلک پڑیں۔اس کے علاوہ ڈرامہ ”ہیل دی ورلڈ ” حنیفہ فہیم اور اس کی سہیلیوں نے نہایت دلچسپ انداز میں پیش کیا۔ ڈارمہ ”شیطان کی مجلس” اور ڈرامہ” دِکھاوا شرک ” ، ڈرامہ ”مرزا غالب ” وغیرہ سامعین کی توجہات کے مرکز رہے۔

اس موقع پر ثاقب نذیر نے صلاح الدین ایوبی کے حیات وکارنامے پر موثر انداز میں روشنی ڈالی اور کہا کہ آج صلاح الدین ایوبی کی شخصیت ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ اس موقع پر محمد مزمل اور ان کے ساتھیوں نے نہایت ہی دلچسپ اور شاندار مشاعرہ پیش کیا اور سامعین سے خوب خوب داد حاصل کی۔ نبیل رضا اور ان کے ساتھیوں نے نہایت مترنم انداز میں ترانہ ہندی پیش کیا۔ اس پروقار تقریب میں جن عمائدین شہر نے شرکت کرکے بچوں کی حوصلہ افزائی کی ان کے اسم گرامی مولانا انیس الرحمان قاسمی، مولانا شمیم منعمی، مولانا رضوان احمد اصلاحی، مولانا افتخار قاسمی، مولانا قمر انیس قاسمی ،حافظ معین چترویدی ڈاکٹر بی ایچ خان، ڈاکٹر نزیر احمد ، شنکر کیموری ، فراق احمد، یعقوب اشرفی، ڈاکٹر اسلم جاویداں وغیرہ۔ تقریب کے موقع پر سامعین اور گارجین حضرات سے مخاطب ہوکر اسکول کے ڈائرکٹر جناب محمد انورنے کہا کہ الحراء کا قیام جہاں اسلامی ماحول میں عصری تعلیم اور صحیح خطوط پر بچوں کی کردار سازی کے لیے عمل میں آیا ہے۔

یہ تحریک اسلام کے علمبردار اور معروف دانشور محترم ضیاء الہدیٰ اور جناب راشد نیر صاحب کے تدبر وفراست کا نتیجہ ہے۔ اللہ کا بڑا فضل ہے کہ وقت اورایام کے گزرنے کے ساتھ ساتھ وہ لمحہ بھی آیا اور یہ محسوس کیا گیا کہ اسکول نے شعبہ تحفیظ القرآن کا بھی قیام عمل میں لایا جائے۔ اللہ کا کرم ہے کہ ہم اس شعبہ کے قیام میں بھی ماشاء اللہ کامیاب رہے جس کی ایک بڑی جھلک آپ نے ان حفاظ کی دستار بندی کی تقریب سعید میں دیکھی جس میں بچیاں بھی شامل ہیں۔ آخر میں ایک بات کی وضاحت بھی کرتا چلوں کہ الحراء پبلک اسکول اقراء ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ پٹنہ کے تحت چل رہا ہے۔ جس کی تشکیل قوم وملت کی تعلیمی اور فلاحی ترقی کے لیے عمل میں آیا ہے۔

آخر میں اسکول کے ایڈمنسٹریٹر جناب ڈاکٹر نسیم اختر نے سامعین کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ میں تمام مہمان گرامی، علمائے عظام، میڈیا پرسن اور پرنسپل حافظ اکرام اللہ، شاذیہ تاج اور اسکول کے ذمہ داران وڈاکٹر محمد فہیم الدین ڈاکٹر عارف حسن، حافظ معراج علی ندوی، فرزانہ خاتون، انظار احمد صادق، ڈاکٹر جمشید زاہد، امان ذکا، شہزاد رشید، سلمان غنی، مولانا فضل کریم قاسمی، مولانا حامد حسین ندوی، پرویز عالم، عائشہ قادری، شہلا کمال اوردیگر اساتذہ کرام کا مشکوروممنون ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا یہ پروگرام ہمارے اساتذہ کرام کی محنت وکاوش اور جانفشانی کی وجہ کر کامیاب ہوا اور جن کے ذمہ جو ذمہ داری دی گئی تھی، انہوں نے اسے بحسن وخوبی انجام دیا۔ میں انہیں تقریب کے شاندار انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں ۔اس پروقار اور شاندار دستار بندی وسالانہ ثقافتی پروگرام کا اختتام بچوں کی دعاء پر ہوا۔

Al-Hira Dastaarbandi and Annual Function

Al-Hira Dastaarbandi and Annual Function

Al-Hira Dastaarbandi and Annual Function

Al-Hira Dastaarbandi and Annual Function

Al-Hira Dastaarbandi and Annual Function

Al-Hira Dastaarbandi and Annual Function

ڈاکٹر محمد فہیم الدین
(میڈیا انچارج)

الحراء پبلک اسکول، شریف کالونی، پٹنہ